اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آنے والی نسلوں کو محفوظ بنانے کیلئے صحت کے تمام مسائل پر قابو پانا ہوگا،صحت سے متعلق والدین کی آگاہی کیلئے مختلف ذرائع استعمال کئے جارہے ہیں، وزیراعظم تعلیمی اصلا حات پروگرام کے تحت تعلیمی اداروں میں کلاس رومز ،کمپیوٹر و سائنس لیبارٹریز ،ٹوائلٹس کی اپ گریڈیشن ، پینے کے صاف پانی ، صفائی ستھرائی اور حفظان صحت کے منصوبوں پر کام جاری ہے، اساتذہ اور والدین صحتمند پاکستان اور پانی کی افادیت کے حوالے سے آگاہی پروگرام کا حصہ بنیں ‘ بچے صحت مند ہونگے تو پورا گھرانہ صحت مند ہوگا۔وہ اسلام آباد ماڈل گرلز کالج میں ہاتھ دھونے کے عالمی دن کی مناسبت سے تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا حکومت نے پینے کے صاف پانی ، صحت مند پاکستان ، نکاسی آب اور آنے والی نسلوں کو محفوظ بنانے کیلئے بین الاقوامی معاہدوں پر دستخط کئے ہیں۔