تربت میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق دو افراد غلام ربانی اور احسن کا تعلق گوجرانوالہ کی تحصیل وزیر آباد سے ہے۔
غلام ربانی کے بھائی کا کہنا ہے کہ ایجنٹ نے ایران کے ویزے لگوا کر محفوظ طریقے سے لے کر جانے کا کہا تھا۔
تربت میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے غلام ربانی کا تعلق وزیر آباد کے علاقے جامک چٹھہ سے ہے۔
گھر والوں کو غلام ربانی موت کی خبر ملی تو کہرام مچ گیا۔
غلام ربانی کے بھائی کاشف چاند کا کہنا ہے کہ غلام ربانی دو نومبر کو گھر سے گیا تھا،ایجنٹ عابد حسین جو اسی گاؤں کا ہے اس نے کہا تھا کہ ایران کے ویزے لگواکر محفوظ طریقے سے لے کر جائیں گے۔
غلام ربانی سے ایک ہفتے قبل ٹیلی فون پر بات ہوئی تو اس نے بتایا تھا کہ وہ تفتان بارڈر پر ہیں اور ایران جارہے ہیں۔