لندن(ودود مشتاق)آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کو پاکستان کا صوبہ بنانے کی باتیں کرنے والے در اصل کشمیر کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں لیکن مسلم کانفرنس کی موجودگی میں کسی کی کوئی ایسی خواہش پوری نہیں ہو سکتی۔وہ گزشتہ روز ساوتھ آل میں مسلم کانفرنس برطانیہ کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں مسلم کانفرنس برطانیہ کے صدر محمد بشیر رٹوی،جنرل سیکرٹری محمد بشیر،چوہدری محمد خان، پروفیسر ممتازاوردیگر کمیونٹی رہنماوں نے شرکت کی۔سر دار عتیق نے واضح کیا کہ گلگت بلتستان کو پاکستان کا حصہ بنانے کا مقصد بھارت کو حوصلہ دینا ہے کہ وہ جموں کشمیر میں مظالم جاری رکھے۔ پاکستانی حکومت کے اس عمل سے کشمیر کی آزادی کی تحریک کو شدید نقصان پہنچے گا اور آبادی کی بنیاد پر تقسیم کشمیر کا دروازی کھل جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان ایک متنازعہ علاقہ ہے جس طرح جموں کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے۔اب امریکہ،برطانیہ، سعودی عرب اور اسرائیل بھی سی پیک منصوبے میں شامل ہونے کےلئے کوشاں ہیں لہٰذا گلگت بلتستان کو پاکستان کا صوبہ بنا کر تحریک آزادی کشمیر کو کمزور نہ کیا جائے۔انکا مزید کہنا تھاکہ پاک چین سرحدی معاہدے کے تحت بھی گلگت بلتستان اور کشمیر کے مستقبل کے فیصلے کا اختیار کشمیری قیادت کو ہے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پاکستان اور خطے کی ترقی کا ضامن ہے، یہ منصوبہ ہر حال میں پایہ تکمیل کو پہنچے گا ۔انکا کہنا تھا کہ پاکستان میں قبل از وقت تو کیا بعد از وقت بھی انتخابات کا امکان نظر نہیں آ رہا ہے۔انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ پاکستان میں بہت جلد چار بڑے سیاسی اتحاد بننے جا رہے ہیں۔ ایک اتحاد میں سابق صدر پرویز مشرف اور کچھ مسلم لیگی جماعتیں شامل ہونگی، دوسرے اتحاد میں پاکستان پیپلز پارٹی اور انکی ہم خیال جماعتیں شامل ہونگی جبکہ مذہبی جماعتوں کا اتحاد متحدہ مجلس عمل بھی جلد بحال ہوجائیگا۔ انہوں نے ایک اور سوال پر کہا کہ مسلم کانفرنس آزاد کشمیر میں حکومت کے خلاف تحریک نہیں چلائے گی کیوں کہ جب کمزور حکومت خود ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو کر گرنے والی ہو تو ہمیں تحریک چلانے کی کیا ضرورت ہے۔سردار عتیق خان نے گلگت بلتستان میں ٹیکسوں کے نفاذ پر ہونے والی ہڑتال اور احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کا پورے ملک میں ٹیکسوں کا نظام غیر مقبول اور غیر متوازن ہے۔