جہانیاں(نامہ نگار) سابق رکن قومی اسمبلی اور سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ جمہوریت اور آئین کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہوجانا چاہئے،بلوچستان میں بیرونی قوتوں کی مداخلت کا ماحول کس نے پیدا کیا،انکا بھی احتساب ہونا چاہئے ، جہانیاں میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئےجاوید ہاشمی نے کہا کہ سیاستدان ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے میں مصروف ہیں غلطیاں بھی کی جاتی ہیں نواز شریف سے بھی غلطیاں ہوئیں ان کا دور اقتدار اگرچہ قابل تحسین نہیں لیکن ان کے خلاف اقدامات کو بھی درست نہیں کہا جا سکتاہے مجھ سے اکثر یہ سوال کیا جاتا ہے کہ کیا جاوید ہاشمی کی نواز شریف سے محبت جاگ اٹھی ہے تو میرا جواب ہوتا ہے کہ جو اقدامات کئے گئے ہیں اس سے جو لوگ نواز شریف سے نفرت کرتے تھے ان کی بھی نواز شریف سے محبت جاگ گئی ہے ن لیگ کے ووٹ بینک میں اضافہ ہوا ہے میرے نواز شریف سے ذاتی تعلقات آج بھی قائم ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کی سرزمین ہے سوچنے کی بات ہے کہ بیرونی قوتوں کو یہاں پر مداخلت کا ماحول کس نے فراہم کیا ہے ، سانحہ تربت جیسے سانحات اور یہاں پر ہونے والی دہشت گردانہ کاروائیوں پر انتہائی دکھ ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا راستہ اب مشکل دکھائی دیتا ہے ممکن ہے اسے آئندہ الیکشن میں امیدوار ہی نہ ملیں۔مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ جہانیاں میرا دوسرا گھر ہے اپنے35سالہ سیاسی کیرئیر میں یہاں سے متعدد مرتبہ الیکشن لڑا یہاں سے تین مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوا ، میری خواہش ہے کہ میں جہانیاں سے پھر الیکشن لڑوں۔