• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منشیات فروشی اور جوئےکے اڈوں کےخلاف مری روڈ پر احتجاج

راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے)تھانہ وارث خان کی حدود میں منشیات فروشی اور جوئےکے اڈوں خلاف جمعہ کو سینکڑوں علاقہ مکینوں نے چیئرمین یونین کونسل39 ملک انجم فاروق پراچہ کی قیادت میں مری روڈ پر احتجاج کیا اورٹائروں کو آگ لگاکر سڑک بلاک کردی۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ایس ایچ او وارث خان کومعطل کیا جائے ورنہ آئندہ جمعہ کو کمیٹی چوک پر دوبارہ احتجاج کیا جائے گا۔مظاہرین پولیس افسران سے مذاکرات اور ایکشن لینے کی یقین دہانی پر منتشر ہوگئے۔ یونین کونسل 39 وارث خان کے چیئرمین ملک انجم فاروق پراچہ، وائس چیئرمین حاجی محمد یامین شیخ،جنرل کونسلرملک فہیم قیصر، جنرل کونسلر محمد شیراز ، جنرل کونسلر عبدالحمید غوری، جنرل کونسلر شیخ عاصم، معززین علاقہ راجہ اورنگ زیب، حافظ ندیم ، حاجی سلیم ، شیخ زاہد، امجدشاہ، محمد اصغر، ملک محمد بلال، چوہدری محمد اشرف کی قیادت میں افراد نے تھانہ وارث خان کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور کمیٹی چوک تک مارچ کیا،مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور کتبے پکڑ رکھے تھے جن پر منشیات فروشی بند کرو اور ایس ایچ او کو معطل کیا جائے جیسے نعرے درج تھے۔ ملک انجم فاروق پراچہ نے کہا کہ عوام کا سب سے بڑا مسئلہ سیکورٹی کی صورتحال ہے آئے روز چوریاں ، ڈکیتیاں ، راہزنی، سٹریٹ کرائم ، منشیات فروشی اپنے عروج پر ہے جبکہ شراب، چرس، افیون سرعام فروخت کی جارہی ہے علاقے میں جابجا جواء ہو رہا ہے مگر پولیس کوئی کاروائی عمل میں نہیں لارہی ۔اس موقع پر ڈی ایس پی صیغم عباس اور ایس ایچ او بنی سردار شکیل نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین سے مذاکرات کئے۔جس کے بعد کارروائی کی یقین دہانی پر مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔
تازہ ترین