لاہور(خصوصی نمائندہ) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما و ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہاہے کہ کچھ عدالتی فیصلوں پر تشویش ہے اور بعض معاملات پر ہمارے ضرور تحفظات ہیں ، ہر قیمت پر جمہوریت کی گاڑی چلتی رہنی چاہیے ،قومی اسمبلی سے آئین سازی کے ذریعے نئے انتخابات کی راہ ہمو ار ہوئی ہے اب 2018میں عوام کی عدالت لگے گی اور اصل فیصلہ عوام کی عدالت ہی کرےگی ۔گزشتہ روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہاکہ ہمارے لئے مقدمات کوئی نئی بات نہیں ،مشرف دور میں بھی احتساب کا سامنا کیاہے اور حدیبیہ کیس میں اپنے زمانہ طالب علمی کے دوران اس وقت 6ماہ جیل بھگتی جب عدالت نے قرار دیا کہ 18سال سے کم عمر ہونے کے ناطے مجھ پر مقدمہ ہی نہیں بنتا۔انہوں نے کہاکہ اب بھی انصاف کے تقاضے پورے ہونے چاہئیں اور پور ے ہوتے ہوئے نظر بھی آنا چاہئیں ۔ایک سوال کے جواب میں حمزہ شہباز نے کہاکہ ہمارے دامن صاف ہیں ۔عدالتوں کے روبرو موجود ہیں اور انشاء اللہ سرخروہونگے۔انہوں نے کہاکہ اسحاق ڈار نے بطور وزیر خزانہ ملک و قوم کی خدمت کی ہے اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گوہیں اور وہ ضرور وطن واپس آئیں گے۔ حمزہ شہباز نےمزید کہاکہ شریف فیملی میں اختلاف کی امید رکھنے والے ماضی میں بھی ناکام ہوئے اور آئندہ بھی نا امید ہونگے۔قبل ازیں حمز ہ شہباز شمالی لاہور میں کونسلر زطارق بٹ اور رفیق گڈو بٹ کی وفات پران کی رہائش گا ہوں پر گئے اور ان کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہارکیا۔