اسلام آباد( نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنماوسابق نائب وزیراعظم چوہدری پرویزالٰہی نے روزگارکی تلاش میں جانے والے گجرات اور دیگر اضلاع کے بے گناہ نوجوانوں کے بلوچستان میں قتل عام پردکھ اور افسوس کااظہارکرتے ہوئے ان کے لواحقین اورمیڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ وہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعات سفاکی کی بدترین مثال اور ہماری روایات کے منافی ہیں اور ان کا خونِ ناحق حکمرانوں کے سرہے جنہوں نے اگر ملک میں روزگار کے مواقع فراہم کیے ہوتے تو آج اپنے گھروں کے چراغ جلانے کیلئے گھر چھوڑ کر جانے والوں کے گھروں میں صف ماتم نہ بچھی ہوتی۔ انہوں نے گجرات کے مختلف نوجوانوں کے والدین سے ٹیلیفون پر تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا دکھ ہمارادکھ ہے،اتنے بڑے نقصان کی تلافی ناممکن ہے، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کو صبرجمیل عطا فرمائے۔ پرویزالٰہی نے میڈیا کے سوالات کے جواب میں کہا کہ جب تک ہمارے حکمران ملک میں روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا نہیں کریں گے،حصول روزگار کیلئے لوگ غیرقانونی طریقے سے باہر جانے پر مجبور ہوں گے اور بہتر مستقبل کے لالچ میں ایجنٹوں کے ہتھے چڑھ کرسانحات کا شکار ہوتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ انسانی سمگلروں کے نیٹ ورکس کے خلاف موثرکارروائی کی اشد ضرورت ہے تاکہ ایسے دردناک واقعات دوبارہ نہ ہوں۔