اسلام آباد (نیوز ایجنسیز) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات اور قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے قوم سے وعدہ کیا ہے کہ وہ آئین و قانون کی پاسداری کرینگے وہ اپنا یہی وعدہ پورا کرنے کیلئے ان جھوٹے کرپشن کے الزامات میں جن پر نہ تو کوئی ریفرنس بن سکا اور نہ ہی کوئی ثبوت مل سکا، عدالت پیش ہو رہے ہیں۔ بدھ کواحتساب عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایک دن کہا جارہا تھا نوازشریف ملک سے بھاگ گئے ہیں، آج کہا جارہا ہے آپ کیوں پیش ہورہے ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ جس طرح پارلیمنٹ میں بھی محمد نواز شریف اور ان کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے بارے میں افواہیں اڑائی جا رہی تھیں۔ آج ان نامعلوم لوگوں کو بھی جواب مل گیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ایک گھر ہے اور اپنے قائد محمد نواز شریف کی قیادت میں متحد اور مستحکم ہے،نوازشریف ہمارا لیڈر ہے۔