وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سگریٹ کے پیکٹ پر تصاویری وارننگ بڑھانے سے متعلق بین الوزارتی سفارشات اورساتھ ہی کئی ملکوں کے ساتھ مفاہمت کی یاداشتوں پر دستخطوں کی منظوری بھی دی گئی۔
وفاقی کابینہ نے نیپرا کے ممبر بلوچستان کےلیے رحمت اللہ کی تعیناتی کی منظوری دے دی، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ناصرحسین کو بینکنگ کورٹ بہاولپور اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گوجرانوالہ نوید احمد کو بینکنگ کورٹ کا جج تعینات کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔
وزیر اعظم نے کابینہ اجلاس میں سابق نیول چیف ایڈمرل رٹائرڈ ذکاء اللہ کو سعودی عرب اور ملائشیا کے ایوارڈز ،فلسطین میں پاکستانی سابق سفیر ضمیر اکرام کو اسٹار آف میرٹ دینے کی منظوری بھی دی۔
وفاقی کابینہ نے مرتضی خان کو پی او ایف بورڈ کا فنانشل ایڈوائزرمقرر کرنے کی منظوری بھی دی، پاکستان کے ڈنمارک اور سلواک ری پبلک کے ساتھ سیاسی مشاورت کے 2 طرفہ ایم او یو ز،یو این اقتصادی و سماجی کمیشن اور نیشنل اسکول آف پالیسی میں معاہدے پر دستخطوں کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں نیشنل انرجی ایفیشنسی اینڈ کنزرویشن اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائرکٹرز کی تشکیل کی منظوری بھی دی گئی جبکہ وزیر اعظم نے ریٹائرڈ ہونےو الےکابینہ سیکرٹری ندیم حسن آصف کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔