لاہور(منورحسن)وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اعلان کیا ہے کہ آج کے بعد بجلی کی کوئی لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔اس طرح انہوں نے باضابطہ طور پر ملک سےکئی برس پرانی بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا اعلان کردیا ہے۔تاہم ، پاور ڈویژ ن کے سینئر عہدیدار کا کہنا ہے کہ بجلی کی تقسیم اور ترسیل کا نظام ابھی مکمل ہونا باقی ہے۔وزیر اعظم نے دی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ لوڈشیڈنگ نومبر2017کے مقررہ وقت سے ایک ہفتہ قبل ہی ختم ہوگئی ہے۔
شاہد خاقان عباسی بحیثیت وزیر اعظم اور وزیر پٹرولیم اور قدرتی ذخائر نومبر 2017میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا عندیہ دیتے رہے تھے۔جب کہ دیگر حکومتی وزراء بھی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے حوالےسے یہی دعویٰ کرتےرہے ہیں۔اس سے قبل سابق وزیر اعظم نواز شریف ، پانی و بجلی کے سابق وزیر خواجہ آصف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈاردسمبر،2017تک لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے حوالے سے حکومتی عزم کا اظہار کرتے رہے ہیں،
بلکہ سابق وزیر اعظم نے تو 2015کے اواخر میں کہا تھا کہ دسمبر 2017تک لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردیا جائے گا۔انہوںنے یہ بات سرمایہ کاری کے حوالے سے منعقدہ ایک کانفرنس سے خطاب کے دوران کہی تھی۔