اسلام آباد( نمائندہ خصوصی) وزیر داخلہ احسن اقبال نےقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ سے سکھر میں ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ملکی حالات کے پیش نظر ایک موقف اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیر داخلہ نے اپوزیشن لیڈر کو فیض آباد آپریشن پر بھی اعتماد میں لیا اور وضاحت کی کہ چار افراد فیض آباد میں نہیں بلکہ چوہدری نثار علی خان کے گھرپر حملے میں جاں بحق ہوئے ۔ اپوزیشن لیڈر کے ترجمان نے بتایا کہ حکومت نے ملکی حالات پر قائد حزب اختلاف سے مشورہ بھی مانگا ہے اور انہوں نے پیپلز پارٹی کی پالیسی کے مطابق حکومت پر زور دیا کہ وہ اس معاملے کو مذاکرات کے ذریعے پر امن طور پر حل کرے اور تشدد کے کسی بھی راستے سے باز رہے۔ قائد حزب اختلاف نے دھرنے کے شرکاء اور رہنماؤں سے بھی اپیل کی کہ وہ معاملات بات چیت سے حل کرنے میں تعاون پیش کریں ۔