• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپلائی بحال، گیس پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار دوبارہ شروع

Restart Supply Resume Power Generation From Gas Power Plants

سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز نے گیس سے چلنے والے پاور پلانٹس کو ایل این جی کی سپلائی 3دنوں بعد بحال کر دی ہے جس کے بعد گیس کے ذریعے بجلی کی پید ا وار دوبارہ شروع ہوگئی ہے ۔

لاہور میں قرطبہ گرڈ سٹیشن سے بجلی کی سپلائی 6گھنٹے بند رہی تاہم شہر کے باقی حصو ں میں بجلی کی سپلائی معمول کے مطابق بحال رہی اورکسی جگہ لوڈ شیڈنگ نہیں کی گئی ۔لیسکو سسٹم میں بجلی کی طلب 1950میگا واٹ اور سپلائی 1900میگا واٹ رہی ۔

سوئی ناردرن گیس پائپ لائن نے سردی میں اضافے کی وجہ سے جمعرات کو پنجاب کے تمام پاور پلانٹس کو گیس سپلائی اچانک بند کر دی تھی جس سے ملک میں بجلی کا بحران پید ا ہو گیااور بجلی کی پید ا وار میں 3ہزار میگا واٹ کمی کے بعد کئی گھنٹے لوڈ شیڈنگ شروع ہو گئی تھی۔

وزارت توانائی کے ذرائع نے بتایا کہ سوئی ناردرن کی جانب سے اتوار کی سہ پہر پاور سیکٹر کو گیس کی سپلائی بحال ہونے کے بعد بند ہونے والے تمام پاور پلانٹس نے دوبارہ بجلی کی پید ا وار شروع کر دی ہے اور فرنس آئل اور ڈیزل سے بجلی کی متبادل پید اوار بند کر دی گئی ہے ۔

ایل این جی کی سپلائی بحال ہونے کے بعد صارفین کو سستی بجلی مہیا ہو گی جس کی وجہ سے سرکاری خزانے پر فرنس آئل اور ڈیزل کا اضافی بوجھ کم ہو گا۔ وزارت توانائی کے ذرائع نے کہا کہ ایل این جی کی سپلائی بحال ہونے کے بعد ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ ختم کر دی گئی ہے اور تقسیم کار کمپنیوں کو کوٹہ کے مطابق بجلی کی سپلائی جاری رہے گی۔

سوئی ناردرن کے سنیئر افسر نے بتایا کہ ایل این جی کی سپلائی بحال ہونے کے بعد پاور پلانٹس معمول کے مطابق دوبارہ چلنا شروع ہو گئے ہیں۔ سوئی ناردرن اس وقت جن پاور پلانٹس کو ایل این جی سپلائی کر رہی ہے ان میں کیپکو 250ملین کیوبک فٹ، نندی پور 100ملین کیوبک فٹ، حویلی بہادر شاہ180ملین کیوبک فٹ، بلوکی 180ملین کیوبک فٹ، بھکی 180ملین کیوبک فٹ، روش 85ملین کیوبک فٹ، فوجی کبیر والا 30ملین کیوبک فٹ شامل ہیں۔

سوئی ناردرن سسٹم میںمزید 600ملین کیوبک فٹ ایل این جی کو کنکشن کیا جارہا ہے اور امید ہے کہ دو دنوں میں ایل این جی کی یومیہ سپلائی بڑھ کر 1200ملین کیوبک فٹ ہو جائے گی جس کے بعد سسٹم میں وافر گیس دستیاب ہو گی اور سردیوں میں کسی شعبہ کو گیس کی سپلائی معطل نہیں ہو گی۔

اتوار کو چھٹی کی وجہ سے لوڈ میں نمایاں کمی رہی جس وجہ سے لوڈ شیڈنگ نہیں ہوئی ۔لیسکو سسٹم میں بجلی کی طلب 1950میگا واٹ اور سپلائی 1900میگا واٹ رہی ۔ بجلی کی مرمت اور بحالی کے کاموں کی وجہ سے قرطبہ گرڈ سٹیشن صبح نو بجے سے سہ پہر سواتین بجے تک بند رہا جس سے ٹیمپل روڈ، چوبرجی، لٹن روڈ، ریلوے ہیڈ کوارٹر ، مال روڈ ، کوئینز روڈ سمیت متعدد علاقے متاثر ہوئے اور متاثرہ علاقوں میں صارفین بجلی کو شدید پریشانی کا سامنا ہوا۔

تازہ ترین