• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کنگنا رناوت کی دیپیکا پڈوکون کے 8 گھنٹے شفٹ کے مطالبے کی حمایت

—فائل فوٹوز
—فائل فوٹوز

بالی ووڈ میں ورک لائف بیلنس سے متعلق جاری بحث کے دوران اداکارہ کنگنا رناوت نے دیپیکا پڈوکون کے 8 گھنٹے کی شفٹ کے مطالبے کی حمایت کر دی۔

یہ بحث اس وقت شروع ہوئی جب دیپیکا پڈوکون نے بطور ماں 8 گھنٹے کے ورک شیڈول کی درخواست کرتے ہوئے 2 فلموں سے علیحدگی اختیار کی تھی۔

ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کنگنا رناوت نے کہا کہ اس معاملے کو غیر ضروری طور پر بڑا نہیں بنایا جانا چاہیے کیونکہ دیپیکا پڈوکون نے اپنے کیریئر میں وہ مقام حاصل کر لیا ہے جہاں وہ اپنی شرائط پر کام کر سکتی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ دیپیکا اب ایک ماں ہیں اور ان کی فیملی کی ذمے داریاں بھی ہیں، اس لیے اگر وہ 8 گھنٹے کام کرنا چاہتی ہیں تو یہ ان کا حق ہے۔

گفتگو کے دوران کنگنا نے ماضی کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ ایک وقت تھا جب اداکارائیں 12 سے 14 گھنٹے کام کیا کرتی تھیں کیونکہ وہ کامیابی حاصل کرنے کے لیے پُرجوش اور پُرعزم تھیں۔

انہوں نے کہا کہ نئے آنے والے فنکاروں کے لیے حالات مختلف ہوتے ہیں کیونکہ وہ آسانی سے تبدیل ہو سکتے ہیں، جبکہ دیپیکا پڈوکون جیسی سینئر اور کامیاب اداکارہ کے لیے ترجیحات بدل جاتی ہیں، خاص طور پر جب وہ خاندانی ذمے داریاں بھی نبھا رہی ہوں۔

واضح رہے کہ دیپیکا پڈوکون جلد شاہ رخ خان کے ساتھ فلم ’کنگ‘ میں نظر آئیں گی، جبکہ کنگنا اپنی بین الاقوامی فلم کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید