کراچی (شکیل یامین کانگا / اسٹاف رپورٹر) عمیر کی عمدہ کارکردگی کی بدولت قومی چیمپئن خان ریسرچ لیباریٹریز (کے آر ایل) نے قائد اعظم ڈپارٹمنٹل فٹبال ٹورنامنٹ میں کے ایم سی کو 3-0 سے باسانی شکست دیکر کوارٹر فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ عمیر نے دو گول اسکور کئے۔ ڈسٹرکٹ سائؤتھ فٹبال ایسوسی ایشن کے زیراہتمام پاکستان فٹبال فیڈریشن کے ایڈمنسٹریٹر کی باقاعدہ منظوری سے نیا ناظم آباد کے تعاون سے کے ایم سی فٹبال اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے گروپ بی کے رائونڈ کے میچ میں کے آرایل کی جانب سے کھیل کے پہلے ہاف میں عبدالصمد نے کھیل کے دوسرے ہی منٹ میں خوبصورت گول کرکے ٹیم کو1-0 کی برتری دلوادی۔ کے ایم سی کی ٹیم نے ایک گول کے خسارے کے بعد کے آرایل کے گول پر حملے کئے لیکن بہترین گول کیپنگ اور مضبوط دفاع نے ان کو گول کرنے سے روکے رکھا۔ پہلے ہاف کے اختتام پر کے آرایل کو1-0 کی برتری حاصل تھی۔ دوسرے ہاف میں کے آرایل نے کمبائنڈ موو بناتے ہوئے کے ایم سی کے گول پر تواتر کے ساتھ حملے کئے۔ کھیل کے 58ویں منٹ میں عمیر نے کے آرایل کی طرف سے دوسرا گول کرکے اپنی ٹیم کی سبقت کو2-0 کیا۔ دوسرا گول کھانے کے بعد کے ایم سی کی ٹیم مزید دبائو میں آگئی۔72 ویں منٹ میں عمیر نے اپنا دوسر اور ٹیم کی طرف سے تیسراگول کرکے اپنی ٹیم کو3-0 سے فتح دلوا کر ٹیم کو کوارٹر فائنل میں پہنچا دیا۔ منگل28 نومبر کو ٹورنامنٹ میں گروپ ڈی کا ایک اہم ترین میچ نیشنل بینک اورمسلم ٹریڈنگ کمپنی چمن کے درمیان کھیلا جائے گا،نیشنل بینک کو کوارٹر فائنل میں رسائی کے لئے صرف جیت درکار ہے ڈرا کی صورت میں سندھ گورئمنٹ پریس کی ٹیم کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرجائے گی جس کے لیگ رائونڈ میں تین پوائنٹس ہیں۔ نیشنل بینک کی ٹیم پہلے میچ میں ناکامی کے بعد کوئی پوائنٹ نہیں ہے، مسلم ٹریڈنگ کمپنی چمن پہلے ہی کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرچکی ہے۔اس میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلے کا امکان ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ دوپہر ساڑھے تین بجے شروع ہوگا۔ بدھ 29نومبر کو ٹورنامنٹ میں ایک میچ کھیلا جائے گا۔ جس میں سہ پہر3.30 کے ایم سی کی ٹیم کاسامنا سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈسے ہوگا۔ گروپ سی میں ایشیاء گھی کو ٹورنامنٹ سے آئؤٹ کردیا گیا جس کی وجہ سے اشرف شوگر مل بھاولپورکو ایشیاء گھی مل بھاولپور کے خلاف تین پوائنٹ اور تین گول سے فاتح قرار دیدیا گیا۔ ٹورنامنٹ کے آخری گروپ میچ میں جمعرات30 نومبر کو دوپہر 1.30بجے کے آرایل کا ٹاکرا پاک پی ڈبلیو ڈی سے ہوگا۔ دوسرے میچ میں کراچی پورٹ ٹرسٹ کا مقابلہ کراچی یونائیٹڈ سے سہ پہر3.30 بجے ہوگا۔ دوسری جانب سندھ فٹ بال ایسوسی ایشن کے کوآرڈی نیٹر شاہد تاج نے میں مختلف ڈیپارٹمنٹل ٹیموں کے مزید گیارہ فٹبالرز کو پابندی اور جرمانہ عائد کردیا۔ ٹورنامنٹ میں کھیلنے کی پاداشت میں 39 فٹبالرز پر پابندی اور جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ پابندی کا شکار ہونے والے فٹبالرز میں پاک پی ڈبلیو ڈی کی جانب کھیلنے والے پانچ فٹبالرز کالونی اسپورٹس کے عامر، یاسر، عمیر، شاہد میموریل کے یاسر، اسماہ اسپورٹس کے زوہیب، سندھ گورنمنٹ پریس کی طرف سے میچز میں شامل ہونے پر گلشن اسپورٹس کے عارف، محمد آصف، جمال، امتیاز اسپورٹس ایسٹ کی طرف سے رانا ظفر یاب رائو ،پاکستان اسٹیل کی جانب سے معمار اسپورٹس کے نظام اور مسلم ٹریڈنگ چمن سے کھیلنے والے سلطان آباد یونین کے عبداللہ کو چھ ماہ کی پابندی اور پانچ، پانچ ہزار فی کس کا جرمانہ عائد کردیا گیا۔