کوئٹہ( پ ر) پشتونخوامیپ کے مرکزی کمیٹی کے رکن ایم پی ایز سید لیاقت آغا، منظور احمد خان کاکڑ اور ولیم جان برکت نے کہا ہے کہ آئین اور جمہوریت کی شعار کے تحت سالار شہدا خا ن شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی شہادت کی 44ویں برسی منانا درحقیقت پشتونخوامیپ کی قیادت کی جانب سے تمام قوموں اور عوام کیلئے تاریخی جمہوری پیغام ہے کہ ملک کی تمام سیاسی اورجمہوری قوتوں اور ہر طبقہ فکر کے عوام کو ملک میں حقیقی وفاقی پارلیمانی جمہوری نظام ، آئین وقانون کی بالادستی اور جمہوریت کے استحکام کیلئے متحد ومنظم ہوکر ملک کو ہمیشہ کیلئے ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کریں۔ انہوں نے کہا کہ 2دسمبر کے تاریخی جلسہ میں پارٹی کے چئیرمین محمود خان اچکزئی اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کے تاریخی خطاب سے ملک میں جمہوریت کے استحکام کو مزید تقویت ملے گی۔ کیونکہ آئین اور جمہوریت کے عنوان سے ہونیوالے اس تاریخی جلسہ کا مقصد ملک کے عوام کو یہ مثبت پیغام دینا ہے کہ خطے کے حالات اور ہمارے ملک کی صورتحال کا تقاضا یہ ہے کہ سیاسی اور جمہوری قوتوں اور ملک کے تمام اداروں نے حقائق کو تسلیم کرتے ہوئے عوام کی حق حکمرانی کو عملاً ماننا ہوگااور حقیقی وفاقی پارلیمانی جمہوری نظام کے ذریعے ہی تمام بحرانوں پر قابو پاسکتے ہیں ۔