بارسلونا (شفقت علی رضا) پیپلز پارٹی کی ایم این اے شازیہ مری، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور فنانس سیکرٹری پیپلز پارٹی حیدر زمان قریشی اپنے وفد سمیت سوشلسٹ انٹرنیشنل کونسل کی سالانہ میٹنگ میں شمولیت کے لئے بارسلونا پہنچے۔ سوشلسٹ انٹرنیشنل کونسل مختلف ممالک کے150ممبران پر مشتمل ادارہ ہے۔ رواں ماہ ہونے والی میٹنگ میں شازیہ مری کو نائب صدر کے عہدے سے بھی نوازا گیا۔ سپین میں سوشلسٹ پارٹی کے امیدوار برائے وزیراعظم ’’پیدرو سانچز‘‘ بھی میٹنگ میں شریک ہوئے۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید اور محترمہ بے نظیر بھٹو کا ویژن اور روٹی، کپڑا، مکان کا نعرہ ایک نظریئے کا نام تھا۔ انہوں نے کہا کہ تارکین وطن پاکستانیوں کو ووٹ دینے کے حق کا بل بھی پیپلز پارٹی نے پیش کیا تھا۔ شازیہ مری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ہی وہ واحد جماعت ہے، جو تارکین وطن کے مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور آئندہ پیپلز پارٹی اپنی حکومت میں تارکین وطن کے حوالے سے بہتر پالیسیاں مرتب کرنے کا اعلان کر چکی ہے۔ میٹنگ کے بعد شازیہ مری اور ان کے وفد نے پیپلز پارٹی سپین کے عہدیداروں اور کمیونٹی کے وفود سے ملاقاتیں کیں۔ ان وفود میں حافظ عبدالرزاق صادق، پروفیسر طاہر، میاں عمران، ساجد گوندل، شاہد لطیف گجر، میاں رئوف، روبن کھوکھر، ممتاز منیر سہوترہ، جوزفین کرسٹینا، شاہد احمد، کرن خان اور دوسرے پاکستانی شامل تھے۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی پاکستان کے فنانس سیکرٹری حیدر زمان قریشی نے روزنامہ جنگ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایسی میٹنگز یا کانفرنسز کے ذریعے پاکستان کا سافٹ امیج پیش کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس انٹرنیشنل فورم پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے آنا تھا لیکن وہ مصروفیت کی وجہ سے نہ آسکے ،حیدر زمان قریشی کا کہنا تھا کہ تارکین وطن پاکستانی پاکستان کا سرمایہ ہیں اور ان کو درپیش مسائل کو حل کرنا اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان پہنچ کر اس معاملے پر اپنی ایگزیکٹو باڈی کے ساتھ بات کریں گے۔