• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائداعظم فٹ بال، کے آر ایل نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

کراچی (شکیل یامین کانگا /اسٹاف رپورٹر) وسیم شہزاد کے فیصلہ کن گول کی بدولت خان ریسرچ لیبارٹریز (کے آر ایل) نے اشرف شوگر ملز کو 1-0 سے شکست دیکر قائداعظم ڈپارٹمنٹل فٹ بال ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ کے ایم سی فٹ بال اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں اشرف شوگر ملز کے کھلاڑیوں نے کئی بار قومی چیمپئن بننے والی ٹیم کے آر ایل کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ میچ کے آغاز سے ہی کے آر ایل کا پلڑا بھاری تھا لیکن مخالف ٹیم کی دفاعی لائن اور گول کیپر نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کے تمام حملے ناکام بنائے۔ 34 ویں منٹ میں بالاخر کے آر ایل کو گول کرنے کا بہترین موقع ملا اور اسٹرائیکر وسیم شہزاد نے خوبصورت گول کرکے اپنی ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلا دی۔ پہلے ہاف کے اختتام پر کے آر ایل کو برتری حاصل رہی۔ دوسرے ہاف میں اشرف شوگر ملز کے کھلاڑیوں نے میچ میں واپس آنے کی بھرپور کوششیں کیں لیکن انہیں کوئی کامیابی نہیں ملی۔
تازہ ترین