حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) حیدرآباد ڈسٹرکٹ ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کی جانب سےبرکت بھائی ٹیبل ٹینس ہال میں جمعہ 8 سے 10 دسمبر تک ٹیبل ٹینس ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں بوائز سنگل اور گرلز سنگل کے درمیان مقابلے ہوں گے ۔انٹریز کرانے کی آخری تاریخ6 دسمبر ہے۔ اس کے بعد ڈراز نکالےجائیں گے۔ محمد فرحان عیسیٰ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی کی طرح اب حیدرآباد، میرپورخاص اور نواب شاہ میں بھی ٹیبل ٹینس مقابلے کرائے جائیں گے تاکہ اندرون سندھ کے نوجوان ٹیلنٹ کو آگے لایا جاسکے۔ ہم چاہتے ہیں کہ چھوٹے شہروں میں بھی نوجوانوں کو کھیلوں کے بہتر مواقع فراہم کئے جائیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں 62 سے 70 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہےانہیں کھیلوں کے اچھے مواقع ملیں تو ان میں سے بہت سارے نوجوان ملک کا نام روشن کرسکتے ہیں۔ نواب شاہ میں بھی سیکنڈ فیز میں ہاکی چیمپئن شپ کرائیں گے اور وہاں ہاکی کھیلنے والی لڑکیوں کو بھی آگے لایا جائے گا۔ ہم نے حیدرآباد، میرپورخاص،نواب شاہکے دورے کئے ہیں اس کے بعد ہمیں یہ اندازہ ہوا ہے کہ ان شہروں میں کراچی سے بھی زیادہ ٹیلنٹ ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اس کی حوصلہ افزائی کی جائے۔