• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف نے وہ کردکھایا جو 66سال میں کوئی نہ کرسکا، مریم اورنگزیب

راولپنڈی (اے پی پی) وزیر مملکت اطلاعات، نشریات وقومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ محمد نواز شریف نے چار سال کے دوران دھرنوں ،احتجاج، بے بنیاد اور جھوٹے الزامات کی سیاست کے باوجود ملک کو دہشت گردی سے پاک اور توانائی بحران پر قابو پانے سمیت ہر شعبے میں ترقی کے ذریعے وہ کر دکھایا جو 66 سال میں بھی کوئی نہیں کرسکا ، کے پی کے میں موبائل جسٹس وہیکل کے ٹائربھی پنکچر ہو چکے ہیں۔ سازشیں کرنے والوں کو عوام 2018ءکے عام انتخابات میں ووٹ کے ذریعے لگام ڈالیں گے،محمد نواز شریف نے آئین اور قانون کی بالادستی کے لئے خود کو اور اپنے خاندان کو احتساب کے لئے پیش کیا جبکہ اصل جھوٹا اور چور عدالتوں سے بھاگ رہا ہے ، مسلسل ساڑھے چار سال ملک کی ترقی میں رکاوٹ بننے، پارلیمنٹ اور الیکشن کمیشن کو گالی دینے والے اور اعلیٰ عدالتوں سے مفرور شخص سے جواب کون اور کس دن مانگے گا۔ وہ منگل کو راولپنڈی آرٹس کونسل میں کیلی گرافی نمائش کے افتتاح اور محفل میلاد کی تقریب سے قبل میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں ۔ وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ موجود ہ حکومت نے مبارک مہینے میں پاکستان کو لوڈ شیڈنگ سے پاک کرنے کا اعلان کر کے پوری قوم کا دل خوش کر دیا ہے ،اب عوام کی مشکلات ختم اور صنعتوں کی حوصلہ افزائی ہوگی ، 2013میں جب مسلم لیگ (ن) نے حکومت سنبھالی توملک کے اندر بجلی کی مجموعی پیداوار 9ہزار 279میگا واٹ جبکہ طلب 11ہزار 799میگا واٹ تھی ،66سال کے دوران اتنی بجلی پیدا نہیں کی جاسکی جتنی موجودہ حکومت نے ساڑھے تین سے چار سال کے دوران پیدا کی ہے ،اس وقت ملک کے اندر مجموعی پیداوار 16ہزار 477میگا واٹ اور طلب 14ہزار 17میگا واٹ ہے ،اس طرح سسٹم میں 7465میگا واٹ اضافی بجلی شامل ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں بالخصوص پی ٹی آئی اس کامیابی پر بھی بیان بازی کر رہی ہیں ،گذشتہ ساڑھے تین سے چار سال جس طرح عمران خان نے جھوٹ بولا ،تہمتیں لگائیں ، آئینی اور قانونی اداروں کو گالیاں دیں، وہ آج بھی حکومت کی کامیابیوں کے باوجود اسی طرح کنٹینر پر کھڑے ہو کر جھوٹ بول رہے ہیں، ہمارے بار بار کہنے پر عمران خان کافی عرصہ کے بعد انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہو ئے ہیں، دوسری طرف محمد نواز شریف وہ لیڈر ہیں جنہوں نے آئین اور قانون کی بالادستی کے لئے خود کو اور اپنے خاندان کو احتساب کے لئے پیش کیا جبکہ اصل جھوٹا اور چور عدالتوں سے بھاگ رہا ہے ،عمران خان اب بھی حکومت اور اداروں کے خلاف منفی سیاست کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی جماعتیں 2018ء کے انتخابات کی تیاریاں کررہی ہیں۔ وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ 4سال سے میٹرو بس کو جنگلا بس کہہ کر تنقید کرنے والے عمران خان کے پی کے میں میٹرو بس چلانے کے اعلان کے بعد بھی آج تک اسی میٹرو بس کا جنگلہ تک نہیں بنا سکے ، کے پی کے میں موبائل جسٹس وہیکل کے ٹائربھی پنکچر ہو چکے ہیں۔
تازہ ترین