راولپنڈی(نمائندہ جنگ) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جج جسٹس طارق عباسی اور جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی پر مشتمل ڈویژن بنچ نے بینظیر بھٹو قتل کیس میں آصف علی زرداری کی جانب سے دائر تین الگ الگ اپیلوں کی سماعت بغیر کسی کاروائی کے 20دسمبر تک ملتوی کر دی، آصف زرداری نے سردار لطیف کھوسہ ایڈوو کیٹ کے ذریعے سابق سی پی او راولپنڈی سعودعزیز اور سابق ایس پی راول ڈویژن خرم شہزاد کی سزائوں کو بڑھانے، مقدمہ میں گرفتار پانچ ملزمان کی بریت کیخلاف اور سابق صدر پرویز مشرف کا کیس الگ کرنے پر 3الگ الگ درخواستیں دائر کر رکھی ہیں گزشتہ روز سماعت کے موقع پر درخواست گزار کے وکیل سردار لطیف کھوسہ پیش ہوئے عدالت عالیہ کو بتایا گیا کہ ایف آئی اے کے وکیل راجہ فیصل محمود ایڈووکیٹ عمرہ کی دائیگی کیلئے بیرون ملک ہیں اس لئے پیش نہیں ہوئے، عدالت نے سماعت بغیر کسی کارروائی کے آئندہ تاریخ تک ملتوی کر دی۔