• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے میئر لندن صادق خان کی گزشتہ روز ملاقات

Todays Print

کراچی(اسٹاف رپورٹر؍ جنگ نیوز) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے میئر لندن صادق خان نے گزشتہ روز ملاقات کی، ملاقات کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تجارت اور توانائی سمیت متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع ہیں، صادق خان کے لندن مئیر منتخب ہونے پر ہر پاکستانی کو فخر ہے،پاکستان برطانیہ کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔صادق خان نے کہا کہ پاکستانی سرمایہ کاربرطانیہ میں تجارتی مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔ میئر لندن کہتے ہیں کہ دورے سے پاکستان سے متعلق غلط تاثر دور کرنے میں مدد ملی۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی میئر لندن صادق خان اور پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو سی ایم جی سے برطانوی سفارتخانے میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دلچسپی کے باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میئر کراچی وسیم اختر اور پاکستانی نژاد برطانیہ کے شہر لندن کے میئر صادق خان کے مابین گزشتہ روز اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمیشن میں ملاقات ہوئی۔ بعدازاں کے ایم سی اعلامیے کے مطابق ملاقات کے بعد دونوں رہنما ایک ہی جہاز میں کراچی کیلئے روانہ ہوئے۔اسلام آباد میں وفاقی وزیر تجارت پرویز ملک کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے صادق خان نے انگریزی اور اردو میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جس طرح میڈیا نے میرے دورے کی کوریج کی اور پاکستانی عوام سے جو عزت ملی اس شاندار میزبانی پرشکرگزار ہوں ، پاکستان اور برطانیہ کے مابین تجارت ، معیشت ، تعلیم سیکورٹی سمیت تمام شعبوں میں تعاون جاری ہے اور یہ تعاون جاری رہے گا۔ میئر لندن نے کہا کہ ہم سب مذاہب کی عزت کرتے ہیں، لندن کا وعدہ ہے کہ اگر تم سخت محنت کرو گے تو ہر کامیابی حاصل کر سکتے ہو۔ وفاقی وزیر تجارت پرویز ملک نے کہا کہ حکومت پاکستان میئر آف لندن کے دورے کو بہت اہمیت دیتی ہے دوطرفہ ملاقات میں میئر لندن نے باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے نئے راستے تلاش کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

تازہ ترین