• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طاہر القادری نے تحریک قصاص چلائی تو بھرپور ساتھ دیں گے ، زرداری

Todays Print

لاہور(نمائندہ جنگ)پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے صدرآصف علی زرداری نے کہا ہے کہ تحریک منہاج القران کے سربراہ علامہ طاہر القادری نےسانحہ ماڈل ٹائون کے شہدا کی حمایت میں تحریک قصاص چلائی تو پیپلزپارٹی ان کا بھرپور ساتھ دے گی اور قاتلوں کو اقتدارمیں نہیں رہنے دیں گے ۔ انھوں نے کہا کہ مستقبل میں دونوں جماعتیں سیاسی رابطوں کو فروغ دیں گی ۔ انہوں نے پیپلزپارٹی لاہور کے صدر حاجی عزیز الرحمان چن کو ہدایت کی ہے کہ وہ تحریک منہاج القران سے رابطہ رکھیں اور جب بھی وہ احتجاج کی کال دیں کارکن بھرپور ساتھ دیں۔ وہ سابق وفاقی وزیر مخدوم شہاب الدین ،حاجی عزیز الرحمان چن اور اورنگزیب برکی کے ساتھ بلاول ہائوس میں ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ ملاقات کے دوران پیپلزپارٹی اور منہاج القران کے درمیان سیاسی رابطے برقراررکھنے پراتفاق کیا گیا۔ آصف زردار ی نے کہا کہ پیپلزپارٹی پنجاب کی سیاست میں بھرپور کردار ادا کرے گی اور وہ لاہور میں خود بیٹھ کر سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے اور اس مقصد کے لئے بہت جلد دوبارہ واپس آئیں گے ۔ اس موقع پر لاہور میں آئندہ ماہ جنوری میں پیپلزپارٹی کا ورکرز کنونشن بلانے پر بھی اصولی اتفاق ہو گیا ۔ بعد ازاں آصف علی زرداری خصو صی طیارے کے ذریعے لاہور سے کراچی واپس روانہ ہوئے تو پیپلزپارٹی کے رہنمائوں نے ہیلی پیڈ پر انھیں الوداع کیا۔ آصف علی زرداری سے گزشتہ روزپاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایسوسی ایشن کے چیئرمین چودھری ظہیر کی قیادت میں وفد نے بھی ملاقات کی ۔ ان سے گفتگو کرتے ہوئےآصف زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی وفاقی جماعت ہے جس نے ہمیشہ وفاق کی وحدت کی بات کی ہے اور آئندہ الیکشن میں پیپلزپارٹی وفاق سمیت چاروں صوبوں سے جیتے گی اور ہم خیال جماعتوں سے مل کر حکومت بنائے گی۔ آئندہ الیکشن کے لئے منشور تیار ہو رہا ہے جس کے متعلق تمام قیادت کو اعتماد میں لے کر اعلان کر دیا جائے گا۔

تازہ ترین