حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) مسلم لیگ فنکشنل وویمن ونگ سندھ کی سابق صدر سائرہ نصیر کے بہیمانہ قتل کا معمہ دوسرے روز بھی حل نہ ہوسکا‘ پولیس تفتیش کے دوران سائرہ نصیر کے گھر کے پورچ سے خون کے نشانات ملے ہیں جس کے باعث خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ انہیں پہلے قتل کیا گیا اور گاڑی میں ڈال کر ہوسڑی کے علاقے میں گاڑی سمیت نذر آتش کردیاگیا ہے‘ جمعہ کی صبح سول اسپتال سے فنکشنل لیگ کی مقتول رہنما کی لاش ان کی بیٹیوں کے حوالے کردی گئی تھی جس کے بعد سول لائن میں ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی‘ بعد ازاں کینٹ قبرستان میں ان کی تدفین عمل میں آئی جس میں قریبی رشتہ داروں نے شرکت کی۔ ایس ایس پی حیدرآباد پیر محمد شاہ نے ”جنگ“ کے رابطہ پر بتایا کہ مقتولہ سائرہ نصیر کے گھر کے پورچ سے خون کے نشانات ملے ہیں جس کے بعد پولیس نے نئے رخ سے تفتیش شروع کردی ہے‘ مقتولہ گھر میں اکیلی رہتی تھیں۔