راولپنڈی (نمائندہ جنگ) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی سہیل ناصر آج جوڈیشل کمپلیکس کوٹلی ستیاں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔چار برس قبل منظور ہونے والا یہ منصوبہ مختلف وجوہات اور عدم دلچسپی کے باعث زیرالتوا تھا تاہم موجودہ سیشن جج کی کوششوں سے اسے عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے۔ دس کنال سے زائد رقبے پر تعمیر ہونے والے اس منصوبے پر آٹھ کروڑ روپے خرچ ہونگے ۔ ابتدائی طور پر دو کروڑ روپے جاری کر دیئے گئے ہیں۔ جوڈیشل کمپلیکس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کی ایک اور دو سول ججز کی عدالتیں تعمیر ہونگی، علاوہ ازیں منصوبے میں بار روم، مسجد اور عدالتی عملے سمیت دیگر سرکاری دفاتر بھی تعمیر کئے جا رہے ہیں، دریں اثنا کوٹلی ستیاں بار کے صدر شوکت ستی، جنرل سیکرٹری شاہد اقبال ستی اور ساجد ستی ایڈووکیٹ نے جوڈیشل کمپلیکس کی تعمیر کا خیرمقدم کیاہے۔