• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مصطفیٰ کمال کی طاہر القادری سے ملاقات کیلئے لاہور آمد

Mustafa Kamal Lahore Arrival To Meet Tahir Ul Qadri

پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال اپنے وفد کے ہمراہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سے ملاقات کے لیے لاہور پہنچ گئے۔

لاہور ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ لاہور پاکستان کا دل ہے یہاں آکر خوشی ہوتی ہے،اس موقع پر ان کے ہمراہ پی ایس پی کے سیکریٹری جنرل رضا ہارون اور وائس چیئرمین افتخار رندھاوا بھی موجود تھے۔

سربراہ پی ایس پی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاسی بحران پیدا ہوچکا ہے،وزیر اعظم نااہل وزیر اعظم کو اپنا وزیر مانتے ہیں۔ ایک شخص کو بچانے کےلیے کوششیں ہورہی ہیں۔ ملک میں گورننس نام کی کوئی چیز نظر نہیں آرہی ہے۔

مصطفیٰ کمال نےکہا کہ ہر سال پاکستان میں 3 لاکھ بچے بھوک سے مر جاتے ہیں،اڑھائی کروڑ بچے اسکول نہیں جاتے ۔ ملک میں گورنمنٹ اور حکومتی ادارے نہیں چل رہے، ان حالات میں تو بیوروکریسی بھی کام چھوڑ دیتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے سانحہ ماڈل ٹاون کی ہمیشہ مذمت کی ہے اور ہم ظالم کے خلاف اور مظلوم کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم طاہرالقادری سے مل کر ان کے سامنے اپنا موقف رکھیں گے ۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈاکٹر طاہر القادری اور مصطفی کمال کا ٹیلفونک رابطہ ہوا تھا، جس کے دوران سربراہ عوامی تحریک نے ماڈل ٹاؤن سانحہ اور باقر نجفی رپورٹ پر پارٹی مؤقف کا ساتھ دینے اور حمایت میں کھل کر بیان دینے پر مصطفیٰ کمال کا شکریہ ادا کیا اور انہیں لاہور آ کر ملاقات کی دعوت دی تھی، جسے پی ایس پی سربراہ نے قبول کرلیا تھا۔

 

تازہ ترین