لاہور/جھنگ (نمائندہ جنگ؍نیوز ایجنسیز) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سب کوشش کریں جمہوریت آگے بڑھے، فیصلوں کا اختیار عوام کےپاس ہونا چاہیے،سیاسی جماعتیں ہی شب خون ماریں تو کیا کرسکتے ہیں، اتحاد کا نتیجہ صفر ہے، ن لیگ کو اتحاد بنانے کی ضرورت نہیں،حکومت اپنی آئینی مدت پوری کریگی،الیکشن وقت پر ہونگے، ٹیکنوکریٹ سورما10سال میں بھی کوئی منصوبہ مکمل نہ کرسکے، انتخابات 2018 ء اگست میں ہونگے اور اس میں بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت بنے گی۔ وہ گزشتہ روز جھنگ حویلی بہادر شاہ میں 1263میگاواٹ پنجاب پاور پلانٹ کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ٹیکنوکریٹ کی حکومت مسائل کا حل نہیں، 1999 سے 2008 تک انہوں نے حکومت کی کوئی بجلی کا کارخانہ کوئی بندرگاہ کوئی موٹروے نہیں بنائی، مسائل میں اضافہ کرکے چلے گئے، نواز شریف کے دور میں معیشت مضبوط ہوئی، تعمیرو ترقی کا دور آیا، بجلی کے کارخانے لگے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوا، سی پیک بھی آیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ جمہوریت اور آمریت میں یہ فرق ہے کہ وہ کسی کے سامنے جوابدہ نہیں ہوتے، جمہوریت میں ہمیں ہر روزجواب دینا ہوتا ہے ہم جواب دینا چاہتے ہیں اور جواب دیتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم اپنی کارکردگی پر کھڑے ہیں ہمیں الزام لگانے گالی دینے کی ضرورت نہیں، ملک کی تعمیرواستحکام کے لئے سب کو مل کر کوشش کرنا چاہئے اگر سیاسی جماعتیں ہی شب خون ماریں گی تو ہم کیاکرسکتےہیں اگر ایسا ہوا تو پھر شب خون مارنے کا ہرکسی کو موقع مل سکتا ہے، بڑے بڑے سورما یہاں دس دس سال حکومتیں کی کر کےگئے کوئی کام نہیں کیا ۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ دراصل ہمارے مخالفین ہماری کارکردگی کی بنا پر لاجواب ہیں اور اس بنا پر انتخابات سے بھاگ رہے ہیں، سینٹ میں آئینی ترمیم سے بچ رہے ہیں ،مردم شماری کے بعد جو ترمیم انتخابات کے حوالے سے آنا ہے اس سے یہ گریز کر رہے ہیں، نہ تحریک انصاف آتی ہےنہ پیپلز پارٹی وہاں آتی ہے کوئی پوچھے ان سے کہ کیا آپ ملک کی ترقی خوشحالی اور انتخابات سے خوفزدہ ہیں، انتخابات میں بیس بائیس ہفتے رہ گئے ہیں جون میں ہماری مدت ختم ہو جائے گی ہم نے تمام صوبوں کو ترقی کرنے کا یکساں موقع دیا اور کسی صوبے کو شکایت کا موقع نہیں دیا نہ گالی گلوچ کی نہ الزام تراشی کی سیاست کی ہمیں اس کی ضرورت نہیں ہم نے نواز شریف سے سیاست سیکھی کہ تعمیر وترقی اور کا رکردگی ہی آپ کی دلیل ہے۔ وزیراعظم نے گزشتہ دور میں لگائے گئے منصوبوں پر تنقید کی اور کہا کہ رینٹل پاورمنصوبہ جس کو لگانے میں30 ماہ کا عرصہ لگا اب 180ارب کا مقروض ہے اور صفر میگاواٹ بجلی دے رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے بجلی کے حوالے سے2030ء تک کا کام مکمل کر لیا ہے ،اس چار سال کے عرصے میں 70سال سے زیادہ بجلی پیدا کر کے دکھائی۔