• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گرفتار ملزم کی اہلیہ اور دیگر افرادکا پولیس کیخلاف سٹی کورٹ میں احتجاج

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پولیس کے ہاتھوں گرفتار ملزم کی اہلیہ اور دیگر اہل خانہ نے احاطہ سٹی کورٹ میں احتجاج ریکارڈ کرایا۔خاتون کو احتجاج کرتا دیکھ کر دیگر قیدیوں کے اہل خانہ بھی احتجاج میں شریک ہوگئے اور پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔پیر کو سٹی کورٹ میں مختلف مقدمات میں ملوث ملزم شفیق کو پیش کیا گیا۔اس موقع پر ملزم سے ملاقات کے لئے آنے والی اہلیہ اور دیگر اہل خانہ نے پولیس کے خلاف احتجاج کیا۔اس موقع پر ملزم شفیق کی اہلیہ کا پولیس پر مختلف الزامات لگاتے ہوئے کہنا تھا کہ پولیس نے انکے خاوند کو جھوٹے مقدمہ میں گرفتار کیا ہے اور پولیس اب مقدمات ختم کرنے کے لیے بھاری رشوت طلب کررہی ہے جبکہ پولیس انہیں کراچی چھوڑنے پر مجبور بھی کررہی ہے۔ملزم کی اہلیہ کا پولیس پر الزامات کی بوچھاڑ کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ پولیس نے انکے گیارہ سالہ بیٹے کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ اب پولیس کی جانب سے انکی جان کو بھی خطرہ لاحق ہے۔خاتون نے اس موقع پراعلی حکام سے انصاف دلانے کی بھی اپیل کی۔ خاتون کو پولیس کے خلاف احتجاج کرتا دیکھ کر سٹی کورٹ میں موجود دیگر قیدیوں کے اہل خانہ بھی احتجاج میں شریک ہوگئے۔
تازہ ترین