اسلام آباد (ناصر چشتی، نمائندہ جنگ) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اجلاس کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے ملتوی کردیا گیا۔ اس موقع پر شازیہ مری اور کمیٹی کے چیئرمین کیپٹن (ر) صفدر کے درمیان دلچسپ مکالمہ ہوا۔ کمیٹی کا اجلاس جب شروع ہوا تو وزیر مملکت انوشہ رحمٰن ،سیکرٹری آئی ٹی اور دیگر حکام موجود تھے مگر کمیٹی ممبران حاضر نہیں تھے، صرف شازیہ مری موجود تھیں، اجلاس کا ایجنڈا آخری وقت میں تبدیل کردیا گیا، شازیہ مری نے سپیکر کو خط لکھا تھا کہ ایجنڈا میں چیئرمین کمیٹی کے متعلق معاملہ بھی ہے لہٰذاان کوکمیٹی کی صدارت سے روکا جائے مگر عین وقت پر ایجنڈا تبدیل کردیا گیا ۔کیپٹن صفدر نے تقریباً ایک گھنٹہ انتظار کرنے کے بعد اجلاس شروع کردیا، شازیہ مری نے کہا یہ درست نہیں کوئی اور رکن موجود نہیں آپ اجلاس کو ملتوی کردیں جس پر کارروائی کو ملتوی کردیا گیا۔ شازیہ مری نے کہا کہ ایک آڈیو ٹیپ میں دھرنے کے حوالے سے کیپٹن صفدر کا ذکر ہے اور اس کو بھی ایجنڈا میں رکھا گیا ہے ،اس موقع پر کیپٹن صفدر نے وہ آڈیو ٹیپ سنائی جس میں ثاقب اور صفدر بات کر رہے ہیں، دھرنے والوں کو رقم دینے کے حوالے سے کیپٹن صفدر کا موقف تھا کہ اس میں صفدر کا ذکر ہے میرا نہیں،شازیہ مری نے کہا کہ یہ سیاست دانوں کو بدنام کرنے کی کوشش ہے ،سپیکر کے علم میں ہے وہ اس پر کوئی خصوصی کمیٹی بنا سکتے ہیں۔ کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ اس آڈیو میں صفدر کا ذکر ہے ،پی ٹی اے والوں کو اس کا سراغ لگانا چاہیے یہ میں نہیں ہوں، وزیر مملکت انوشہ رحمٰن نے کہا کہ یہ آڈیو خود بنائی ہوئی لگتی ہے ،کیپٹن صفدر نے کہا کہ میں نے چار سال کمیٹی کو خاندان کی طرح چلایا ہے آپ کو اس پراعتراض ہے تو آپ اجلاس کی صدارت کریں اور مسئلہ کو اٹھایا جائے، کیپٹن صفدر نے کہا میں آپ کو اپنی بہن سمجھتا ہوں،انوشہ رحمٰن نے کہا کہ اس کی تحقیقات ہونی چاہیے، سیاست دانوں کو بدنام کیاجارہا ہے، اس کی انکوائری ہونی چاہیے۔ کیپٹن صفدر نے کہا کہ کل کسی کا بھی نام لیا جاسکتا ہے، سوشل میڈیا پر بدنام کیا جارہا ہے ،جہاں تک دھرنے کا تعلق ہے تو فیض آباد دھرنے کو دوسرے دھرنوں کے ساتھ نہیں ملانا چاہیے، میڈیا کو تمام باتوں کو اوپن کرنا چاہیے تھا وہاں پر ذکر رسولﷺ ہو رہا تھا۔ شازیہ مری نے کہا کہ 22 دن راولپنڈی اسلام آباد کے لوگ عذاب میں رہے، کس نے دھرنے کیلئے پیسے دیئے معلوم ہونا چاہیے۔ کیپٹن صفدر نے کہا کہ پی ٹی اے اور ایف آئی اے والوں کو اس کی تحقیقات کرنی چاہیے میں یہ مسئلہ اگلے اجلاس میں ایجنڈا پر لائوں گا اور اجلاس کی صدارت شازیہ بہن آپ کو دوں گا۔ جس پر شازیہ مری نے کہا اس سلسلہ میں آپ وقت پر فیصلہ کریں ہو سکتا ہے میں نہ ہوں۔