کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ حلقہ بندی بل منظور نہ ہوا تو الیکشن التوا کی سازش کامیاب ہوجائیگی،ملک دشمن عناصر سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں، سیاسی استحکام اور جمہوری تسلسل کو قائم رکھنا ہے جبکہ کسی جمہوری جماعت پر قدغن لگانے کا کوئی ارادہ نہیں۔ منگل کو کلفٹن میں ایگزیکٹو پاسپورٹ آفس کی افتتاحی تقریب اور چین پاکستان ٹریڈ کوریڈو ر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا کہ نادرا میں نگرانی کا نظام موثر بنایاہے ، غیر قانونی سرگرمی میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی ہوگی،کلفٹن کے ایگزیکٹو پاسپورٹ آفس میں یومیہ125 سے150 ایگزیکٹو پاسپورٹ کی درخواستیں مراحل سے گزرا کرینگی، ایگزیکٹو پاسپورٹ کی فیس نارمل پاسپورٹ کے مقابلے میں ڈیڑھ ہزار روپے زیادہ ہو گی۔نارمل پاسپورٹ کم و بیش پانچ ہزار روپے میں بنایا جاتا ہے اور یہ متعلقہ شخص کو دس سے پندرہ روز میں مل جاتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کا امن و امان بحال کر کے بھتہ خوروں کو پکڑا ہے ،اب کسی کوکراچی کے امن سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے،ایشیا بہت جلد عالمی ترقی کا مرکز ہوگا،پاکستان کو سویت یونین کو توڑنے کی سزاملی ہے ، امریکا اور یورپ کی ذمہ داری ہے کہ پاکستان کے ساتھ مل کر کام کریں ۔