سکھر (بیورو رپورٹ) پیپلزہاکی گراؤنڈ میں 64 ویں ڈے اینڈ نائیٹ قومی ہاکی چیمپئن شپ ہفتے سےشروع ہوگئی،قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے افتتاح کیا۔ ابتدائی روز کھیلے گئے میچز میں گلگت بلتستان، پاکستان پولیس، سوئی نادرن گیس کمپنی نے کامیابیاں حاصل کیں۔ پاکستان آرمی اور پاکستان کسٹم کے درمیان میچ برابر رہا۔چیمپئن شپ کے موقع پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر برگیڈیئر(ر)خالد سجاد کھوکھر ، سیکریٹری جنرل سابق اولمپیئن شہباز احمد سینئر، کمشنر سکھر ڈاکٹر عثمان چاچڑ، ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ، چیمپئن شپ کے آرگنائزر محمد رمضان جمالی بھی موجود تھے۔ ابتدائی روز پہلے میچ میں گلگت بلتستان نے فاٹا کو دو کے مقابلے میں تین گول سے ہرادیا۔ گلگت بلتستان کی طرف سے عابد ،امتیاز ، محمد یونس نے ایک ایک، جبکہ فاٹا کی جانب سے سمیع اللہ اور خوشحال نے ایک ایک گول کیا۔ دوسرے میچ میں پاکستان پولیس نے پورٹ قاسم کو 2-1 سے شکست دی۔ پاکستان پولیس کے عمران اظہر ، ارشد علی اور پورٹ قاسم کے واصف رضا نے ایک، ایک گول اسکور کیا۔ تیسرے میچ میں سوئی ناردن گیس کمپنی نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو 5-2 کے مقابلے میں شکست دی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے رانا وحید نے 2، زاہد اللہ، داؤد، محمد اسد نے ایک، ایک گول اسکور کیا، جبکہ ہائیر ایجوکیشن کی جانب سے محمود بوٹا اور عشرت طارق نے ایک، ایک گول بنایا۔ چوتھا میچ جوکہ پاکستان آرمی اور پاکستان کسٹم کے درمیان کھیلا گیا وہ ایک، ایک گول سے برابر رہا۔ پاکستان آرمی کی جانب سے عبدالجبار نے جبکہ کسٹم کی جانب سے سلمان حسین نے ایک، ایک گول اسکور کیا۔چیمپئن شپ میں 16 محکموں سمیت صوبوں کی 8ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ تمام ٹیموں میں 528کھلاڑی ، 60ٹیکنیکل اسٹاف اور10اولپمینس شامل ہیں۔چیمپئن شپ لیگ سسٹم کی بنیاد پر کھیلی جارہی ہے۔چیمپئن شپ میں روزانہ 6میچز کھیلے جائیں گے، چار میچز دن کی روشنی میں اور دو میچز رات کو بجلی کی جگمگاتی روشنیوں میں منعقد ہوں گے۔