نئی دہلی (جنگ نیوز) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ریاست گجرات اور ہما چل پردیش میں ہونے والے انتخابات میں اپنی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی کامیابی کا اعلان کردیا۔نریندر مودی کی آبائی ریاست گجرات میں ان کی جماعت کو کانٹے دار مقابلے کے بعد کامیابی ملی،انتخابات جیتنے کے لیے نریندر مودی نے ایڑی چوٹی کا زور لگا دیا اور ایک دن میں کئی کئی ریلیاں نکالیں ، حکمراں جماعت کو مودی کی آبائی نشست پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جو کانگریس کے حصے میں آئی ،بی جے پی نے گجرات کی 182نشستوں میں سے 99پر کامیابی حاصل کی، اس کامیابی کے بعد گجرات میں مسلسل چھٹی بار بی جے پی کی حکومت قائم ہوئی ہےجبکہ کانگریس کے حصے میں 79نشستیں آئیں ،تاہم حکمراں جماعت کو مودی کی آبائی نشست پر بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جو کانگریس کے حصے میں آئی ، 2012کے ریاستی انتخابات میں گجرات میں مودی کی جماعت نے 116نشستیں جیتی تھیں اور کانگریس نےصرف 61نشستیں حاصل کی تھیں ، انتخابات میں کامیابی کے بعد نریندر مودی نےگجرات اور شمالی ریاست ہماچل پردیش کے عوام کا ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا، بھارتی وزیر اعظم نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں بی جے پی کی حوصلہ افزائی اور اعتماد کرنے پر گجرات اور ہماچل پردیش کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ان کا کہنا تھا کہ ’میں دونوں ریاستوں کے عوام کو یقین دلاتا ہوں ہم ترقی کے سفر کو آگے بڑھانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے اور عوام کی انتھک خدمت کریں گے، دوسری جانب کانگریس کے سربراہ راہول گاندھی نےگجرات میں شکست تسلیم کرتے ہوئے بے جے پی کو ریاستی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے ، انتخابات میں کامیابی کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی نے کانگریس سے ہماچل پردیش کی حکمرانی بھی چھین لی، جس کے بعد بھارت کی 29 ریاستوں میں سے 19میں بی جے پی کی حکومت قائم ہوگئی ہے جس سے 2019میں عام انتخابات سے قبل نریندر مودی کو مزید سہارا ملا ہے، بھارتیہ جنتا پارٹی کے سربراہ امیت شاہ نے ریاستی انتخابات میں کامیابی کی وجہ نریندر مودی کے، خاندانی سیاست کے بجائے ترقیاتی ایجنڈے کو آگے لے کر چلنے کو قرار دیا۔نتائج کے اعلان کے بعد نئی دہلی میں بی جے پی کے ہیڈ کوارٹرز میں کارکنوں اور حامیوں نے جشن منایا اور ایک دوسرے پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، سابق وزیر داخلہ چدم برہم نے کہا ہے کہ راہول گاندھی کی قیادت میں کانگریس کی کارکردگی مورال میں اضافے کا باعث بنے گی اور اس کے اثرات آئندہ 5ریاستوں میں ہونے والے انتخابات پر بھی پڑے گا ۔