عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے نوازشریف کی تحریک عدل کے مقابلے میں تحریک قصاص چلانے کا اعلان کردیا ۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران طاہرالقادری نے کہا کہ نوازشریف اپنی تحریک کی تاریخ دیں ، ہم بھی اسی دن تحریک قصاص چلائیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک نے 31 دسمبر کی ڈیڈ لائن کے بعد احتجاج کے پروگرام کو حتمی شکل دیدی ہے ۔
پی اے ٹی کے سربراہ نے کہا کہ نوازشریف کوئی تحریک نہیں چلاسکتے ،ان کی تحریک صرف میڈیا پر چلتی ہے ۔
طاہر القادری نے کہا کہ نواز شریف کس عدل کی بات کرتے ہیں؟ وہی عدل جو ماڈل ٹاؤن میں کیا تھا؟ انھیں عدل کا نام لیتے ہوئے شرم نہیں آتی، ساڑھے تین سال سے یتیم اور بیوائیں عدل کے لیے دھکے کھارہی ہیں، (ن) لیگ کا تخت ڈول رہا ہے، یہ لوگ بہت جلد جیل میں ہوں گے-
گزشتہ روز سابق وزیراعظم نوازشریف نے عمران خان نااہلی کیس کے فیصلے پر تنقید کی اور کہا تھاکہ وہ ملک بھر میں انصاف کی بحالی کی تحریک چلائیں گے ۔
اس کے جواب میں تحریک انصاف نے آئین کے تحفظ کی تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا تھا ، اب طاہر القادری کی جماعت نے قصاص تحریک شروع کرنے کا کہہ دیا ہے ۔