• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امن چاہتے ہیں، کمزور نہ سمجھاجائے، وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی

Todays Print

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہماری امن کی خواہش کو کسی صورت کمزوری نہ سمجھا جائے، پاکستان پرامن ہمسائیگی پر یقین رکھتا ہے، ضرب عضب اور ردالفساد صرف آپریشن نہیں پاکستان کی امن کی خواہش کا اظہار ہیں، پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔ وزیراعظم ہفتہ کو پاک بحریہ کی 108ویں مڈشپ مین اور 17ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی کمیشن پریڈ سے خطاب کررہے تھے۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے پاکستان نیول اکیڈمی منوڑا میں وزیراعظم کا استقبال کیا۔ کمیشن پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کمیشن حاصل کرنیوالے جوانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ جوانوں نے پاکستان کے نظریے اور سرحدوں کا تحفظ کرنا ہے، ملک کے دفاع اورقومی سلامتی میں پاک بحریہ انتہائی موثر کردار ادا کر رہی ہے، پاک بحریہ کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان بحریہ چین پاکستان اقتصادی راہدار ی سمیت ملک کے تمام بحری مفادات کے تحفظ کیلئے پر عزم اور پوری طرح چوکنا ہے، پاک چین اقتصادی راہداری کے تناظر میں بحری سیکورٹی مزید اہمیت اختیار کرگئی ہے۔ دریں اثناء وزیراعظم نے پاسنگ آوٹ پریڈ کا معائنہ کیا اور اعلی کارکردگی پیش کرنے والے کیڈٹس کو اعزازی شمشیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی گولڈ میڈل اور دیگر اعزازات سے نوازا۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان نیول اکیڈمی منوڑا میں 108 ویں مڈشپ مین اور17 ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی کمیشننگ پریڈ میں کل 129 افسران پاس آئوٹ ہوئے، جن میں 17 ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کے 26 افسران سمیت 57 پاکستانی، 46 برادر ممالک کے افسران شامل ہیں جن میں ان دوست ممالک میں بحرین، اردن، قطر، مالدیپ اور سعودی عرب شامل ہیں۔ تقریب میں مڈشپ مین سید ارتضی حیدر نقوی کو اعزازی شمشیر اور آفیسر کیڈٹ دایان احمد کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ دوران تربیت اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کو بھی انعامات سے بھی نوازا۔

تازہ ترین