ملتان (نمائندہ جنگ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ شہباز شریف کے خلاف حدیبیہ کیس میں تیاری مکمل کر لی ہے جلد سپریم کورٹ جاؤں گا ،کلبھوشن قومی مجرم ہے، اسے چھوڑ نہیں رہے صرف انسانی ہمدردی کے تحت پاک فوج نے کلبھوشن کی والدہ اور اہلیہ کے ساتھ ملاقات کرواکر بہت اچھا کردار ادا کیا،قادری کےبجائے نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنا چاہئے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان آمد پر ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا ،شیخ رشید نے کہا کہ قوم کو فیصلہ کرنا ہے نواز شریف اور پاکستان ساتھ نہیں چل سکتے ،ڈاکٹر طاہر القادری کانام ای سی ایل میں ڈالنے کےبجائے نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنا چاہئے،شیخ رشید نے مزید کہا کہ ختم نبوت کے اصل مجرم نواز شریف ہیں قوم تیاری کرے جلد ان کا گھیراؤ کریں گے، قومی خزانہ تباہ ہو چکا ہے، اسحاق ڈار کو بھگانے کے ذمہ دار بھی نواز شریف ہیں، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی عمران خان سے کامیاب ملاقات ہو گی، ڈاکٹر طاہر القادری جو فیصلہ کریں گے وہ قابل قبول ہو گا، انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو جو فری ہینڈ دیا گیا ہے وہ میاں نواز شریف کو کسی صورت قبول نہیں ہے ،نواز شریف سمجھتے ہیں کہ وہ عوام کو بیوقوف بنا لیں گے تو یہ ان کی بھول ہے ،بعدازاں شیخ رشید نے چیمبر آف کامرس میں تقریب میں بھی شرکت کی ۔دریں اثناء شیخ رشید نے ملتان میں قیام کیا وہ آج ڈیرہ غازی خان میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے ۔صباح نیوزکے مطابق شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ملک کا خزانہ تباہ ہوگیا ہے لیکن فوج اعتکاف میں اور عدلیہ حجاب میں بیٹھی ہوئی ہے۔ نوازشریف نے منی لانڈرنگ کی اور اسحاق ڈار کو بیرون ملک بھجوا دیا ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنا چاہئے۔