نوڈیرو (نامہ نگار) گڑھی خدا بخش بھٹو میں 27دسمبر کو شہید بینظیر بھٹو کی دسویں برسی کی تیاریا ں مکمل کرلی گئی ہیں۔ برسی میں باہر سے آنے والے کارکنان کے استقبال کے لئے نوڈیرو سے گڑھی خدا بخش بھٹو جانے والے راستوں پر استقبالیہ کیمپ اور شامیانے لگائے جارہے ہیں۔ اس موقع پر پی پی سٹی نوڈیرو کے سابقہ صدر خالد احمد میمن نے میڈیا کے ساتھ گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو ایک ایسی شخصیت تھیں جو کسی کے دل سے قیامت تک نہیں نکل سکتیں نہ ہی کوئی اس عظیم شخصیت کو بھول سکتا ہے۔ 27 دسمبر کو شہید بینظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پورے پاکستان سے آنے والے جیالے یہاں گڑھی خدابخش بھٹو پہنچ کر اپنی شہید قائد کے مزار پر حاضری دیکر انکو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور برسی کے موقع پر چیئرپرسن بلاول بھٹوزرداری اور آصف علی زرداری ایک جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ مزار کے اندر اور باہر سیکورٹی کے انتظام کئے گئے ہیں، سیکورٹی کو سخت کرنے کے لئے 5000پولیس اہلکاروں اور رینجرز کو لاڑکانہ سے گڑھی خدابخش بھٹو کی جانب آنے والے راستوں پر تعینات کیا جائے گا۔