اسلام آباد (اے پی پی) وزیر مملکت اطلاعات، نشریات، قومی تاریخ و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب نے بینظیر بھٹو شہید کی برسی پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بینظیر بھٹو نے پاکستان میں جمہوریت کی بحالی، آئین و قانون کی حکمرانی اور عوام کے حقوق کیلئے بے مثال جدوجہد کی، ان کی شہادت سے پاکستانی سیاست میں پیدا ہونے والا خلاءکبھی پُر نہیں ہو سکے گا۔ بدھ کو جاری کئے گئے پیغام میں وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ آئین کے بعد میثاقِ جمہوریت کی تاریخی دستاویز بینظیر بھٹو شہید اور محمد نواز شریف کی مشترکہ کاوشوں کا ثمر ہے، پاکستان کی سیاسی اور جمہوری تاریخ میں ان کا نام ہمیشہ زندہ رہے گا۔ انہوں نے ملک میں جمہوریت کی بحالی اور عوام کے حق حکمرانی کے لیے اپنی آخری سانس تک جدوجہد کی۔