اسلام آباد (صباح نیوز)لینڈ مافیا نے ایک ریٹائرڈ فوجی کو زندگی بھر کی جمع پونجی سے محروم کردیا۔ متاثرہ شخص نے انصاف کے حصول کیلئے چیف جسٹس سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کو لکھی گئی درخواست میں مصریال روڈ اسٹریٹ 29 راولپنڈی کینٹ کے رہائشی حاجی یونس ملک کے مطابق پراپرٹی ڈیلر منصور الٰہی نے 2015 میں سینیٹ سیکرٹریٹ ایمپلائز ہائوسنگ سوسائٹی کے پلاٹس کی فروخت کی آڑ میں جعلی فائلیں تھما دئیں اور 75 لاکھ روپے ہڑپ کرلیے رقم وصولی کے دستاویزی ثبوت ہونے کے باوجود اب گزشتہ دو سالوں سے تمام تر کاوشوں کے باوجود مذکورہ پراپرٹی ڈیلر رقم کی واپسی سے انکاری ہے۔ حاجی یونس ملک کے مطابق وہ ایک ریٹائرڈ فوجی ہے جس کو اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی اور عزیز اقارب سے سرمایہ کاری کی غرض سے لی گئی رقم سے لینڈ مافیا نے محروم کر دیا ہے۔ درخواست گزار کے مطابق گزشتہ دو سالوں سے انصاف کے حصول کیلئے تمام تر کاوشوں کے بعد اب عدالت عظمی کا دروازہ کھٹکھٹانے پر مجبور ہوگیا ہوں۔ یونس ملک نے چیف جسٹس سے استدعا کی ہے کہ اسکے ساتھ ہونے والے فراڈ کا از خود نوٹس لیتے ہوئے عوام کے ساتھ فراڈ کے مرتکب لینڈ مافیاکو بے نقاب کیا جائے۔