ژوب ( نمائندہ جنگ ) ژوب کالعدم تنظیم کے ارکان کی موجودگی کی اطلاع پر سیکورٹی فورسز اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو سیکورٹی اہلکار شہید ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق حساس اداروں اور ایف سی نے جنوبی وزیر ستان سے ملحقہ ژوب کے علاقے گل کچھ میں کالعدم تنظیم کے کارندوں کی موجودگی کی اطلاع پر علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کیا۔ اس دوران ملزمان نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں صوبیدار جمال خان اور ایف سی کا سپاہی نجیب شہید ہو گیا۔سیکورٹی فورسز اور ملزمان فائرنگ کا تبادلہ اور علاقے میں سرچ اپریشن آخری اطلاعات آنے تک جاری رہا دوسری جانب بھی ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں تاہم فوری طور پر تفصیلات معلوم نہ ہو سکی دونوں شہدا ءکی نماز جنازہ ژوب میں ادا کی گئی جس میں سول و فوجی افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی بعد ازاں میتوں کو پورے اعزاز کے ساتھ آبائی علاقوں کو روانہ کر دیا گیا ۔