امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے مشرف ، زرداری اور نوازشریف کے ادوار حکومت کے مکمل آڈٹ کا مطالبہ کردیا ۔
لاہور سے جاری ایک بیان میں سراج الحق نے کہا کہ 2018 کے انتخابات سب جماعتیں کرپشن کے خاتمہ کے یک نکاتی ایجنڈے پر لڑیں ۔
ان کا مزید کہناتھاکہ جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان تحریک نے عوام کے اندر شعور بیدار کیاہے، لوٹی دولت کی واپسی تک کسی لٹیرے کو بھاگنے کا موقع نہیں دینا چاہیے ۔
سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پارلیمنٹ کے سامنے 200 ارب ڈالر کی بیرونی بینکوں میں موجودگی کا اعتراف کیا تھا ، احتساب کا عمل اس وقت مکمل ہوگا جب مال مسروقہ برآمد کروا کے قومی خزانے میں جمع ہو گا۔
ان کا مزید کہناتھاکہ پاکستان سیکولر ازم کے لئے نہیں اسلام کے نام پر بنا ، سابق وزیراعظم نے کئی بار ملک کو سیکولر بنانے کی بات کی ۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کرپشن پر قابو پاکر پاکستان کو ایک خوشحال اور باوقار ملک بنایا جاسکتاہے،قوم کوئی نیا این آر او قبول نہیں کرے گی ۔