رہنما ن لیگ حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ پاکستان ایٹمی قوت ہے، پاکستانی قوم دھمکیوں پر جھکنے والی نہیں، ہزاروں شہادتوں کے بعد ہمیں پیسوں کا طعنہ کسی صورت برداشت نہیں۔
مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے چکوال میں حلقہ پی پی بیس کے عہدیداروں، یونین کونسلز کے چیئرمین اور پارٹی ورکرز سے ملاقات کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کو اپنے الفاظ پر قابو رکھنا ہو گا، پاکستان ایک ایٹمی ملک ہے اور یہاں امریکا کی جنگ میں ہمارے کئی ہزار اہلکار اور شہری شہید ہوئے، اب پیسوں کے طعنے پر ہم لعنت بھیجتے ہیں۔
ایسے بیانات کے جواب کے لیے ایے پی سی بلائے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہیدوں کے خون پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو سکتا، چین ہمیشہ سے سیسہ پلائی دیوار کے ساتھ کھڑا ہے اور ہمارے ملک میں موجود دھرنا دے کر چینی صدر کے دورہ پاکستان کو تاخیر کا شکار کرنے والوں کے لیے شرم کا مقام ہے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ جمہوریت کی مضبوطی کے اقدامات کیے جانے کی ضرورت ہے، یہی عوام کی فلاح و بہبود کا واحد راستہ ہے۔