• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گوادر میں چینی پوسٹ قائم کرنے کا کوئی منصوبہ زیرغور نہیں، پاکستان

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان نے کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے امداد کی فراہمی کے حوالے سے کئے جانے والے دعوؤں کا تفصیلی ریکارڈ جاری کیا جائے گا جس سے تمام حقائق سامنے آجائیں گے۔ گوادر میں چینی ملٹری بیس کی تمام خبریں قطعی طور پر بے بنیاد اور پروپیگنڈہ ہیں وہاں کسی بھی چینی پوسٹ قائم کرنے کا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں۔ جمعرات کو دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ایسی افواہوں کو دشمن کا پروپیگنڈا قرار دیا۔ترجمان نے کہا کہ بھارت کی جانب سے حضرت نظام الدین اولیا کے عرس میں شرکت کے خواہشمند زائرین کو ویزے جاری نہ کرنا ایک افسوسناک امر ہے۔ ترجمان نے پاک فوج کے ترجمان کے مؤقف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سرزمین پر کسی بھی ڈرون حملے کا واضح جواب دیا جائے گا۔ ڈاکٹر فیصل نے مختلف سوالوں کے جواب میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم جاری ہیں۔ پاکستانی حکومت نے 457بھارتی قیدیوں کی فہرستیں بھارت کے حوالے کیں۔سال کے آغاز میں معاہدے کے مطابق ان فہرستوں کا تبادلہ کیا جاتا ہے۔پاکستان اور بھارت نے اپنی ایٹمی تنصیبات کی فہرستوں کا بھی تبادلہ کیا۔پاکستان فلسطین کے مسئلہ کے دو ریاستی حل کی حمایت کرتا ہے۔اس حل میں مشرقی یروشلم کو فلسطین کا دارلحکومت بنایا جائے۔ دہشت گردی ۜکیخلاف جنگ میں افغان حکومت اور عوام کی حمایت کرتے ہیں۔امریکی صدر ٹرمپ کے ٹویٹ پر پاکستان کے اعلیٰ ترین فورموں بالخصوص قومی سلامتی کمیٹی نے بھی جواب دے دیا۔قوموں کی زندگی میں ایسے وقت آتے رہتے ہیں ہمیں اس کو ہمت سے برداشت کرنا ہو گا۔ دفتر خارجہ نے امریکی صدر کی ٹویٹ پر امریکی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کیا۔
تازہ ترین