ملتان ( سٹاف رپورٹر ) ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں لوڈشیڈنگ بدستور جاری ہے ۔ لائن لاسز کے نام پر لوڈشیڈنگ کے ساتھ ساتھ مینٹی نینس کے نام پر الگ کئی کئی گھنٹے فیڈرز بند کئے جا رہے ہیں جس کے باعث صارفین مسلسل اذیت میں مبتلا ہیں ۔میپکو حکام کے مطابق نئی پالیسی کے تحت فیڈرز پر لائن لاسز اور بجلی چوری کی شرح کے مطابق بجلی کی فراہمی کی جارہی ہے ۔ وزارت توانائی کی ہدایات کے مطابق جن 11KVفیڈرز پر نقصانات کی شرح10فیصد سے کم ہے ان پر لوڈشیڈنگ بالکل ختم کردی گئی ہے ۔ میپکو کے کل1295فیڈرز ہیں ان میں 807فیڈرز ایسے ہیں جن پر10فیصد سے کم نقصان ہے لہذا ان807فیڈرز پرزیرولوڈشیڈنگ کردی گئی ہے اور بلاتعطل بجلی فراہمی جاری ہے ۔10سے20فیصد نقصانات کے حامل372اور 20سے30فیصد نقصانات کے حامل 80فیڈرز پر صرف2گھنٹے کے لئے لوڈمینجمنٹ کی جارہی ہے یعنی مجموعی طورپر 310فیڈرز پر 24گھنٹے میں سے صرف 2گھنٹے بجلی بندکی جارہی ہے ۔30فیصد سے40فیصد نقصانات کے حامل صرف18فیڈرز ہیں جن پر 4گھنٹے کے لئے ، 40 سے 60فیصد نقصانات کے حامل10فیڈرز ہیں جن پر 6 گھنٹے ، 60سے80فیصد نقصانات کے حامل صرف 3 فیڈرز ہیں جن پر8گھنٹے اور 80فیصد نقصانات /لائن لاسز والے 5 فیڈرزپر12گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ۔