ملتان(سٹاف رپورٹر)ریلوے ہیڈ کوارٹر کی جانب سے کپڑا فراہم کرنے کے باوجود ملتان سمیت مختلف ریلوے ڈویژنوں میں گارڈز اور ایس ٹیز کو تاحال یونیفارم نہیں مل سکی ہے،بتایا گیا ہے کہ ریلوے ملتان ڈویژن کے لیے آنے والا ہزاروں میٹر کپڑا سٹور میں موجود ہے ،ریلوے ہیڈ کوارٹر نے ڈویژنل حکام کو ہدایت کی تھی کہ اس کپڑے کو سلوا کر یونیفارم 15اکتوبر تک متعلقہ ملازمین کو فراہم کردی جائے،تاہم مذکورہ کپڑا تاحال سٹور میں ہی موجود ہے جب کہ متعلقہ ملازمین پرانی اور خستہ حال یونیفارم سے گذارا کرنے پر مجبور ہیں،اس ضمن میں رابطہ کرنے پر ڈی ایس ریلوے ملتان علی محمد آفریدی نے جنگ کو بتایا کہ یونیفارم کی سلائی کے لیے ٹینڈر 15روز قبل دے دیا گیا تھا اور مذکورہ فرم نے رولز کے مطابق یونیفارم کا ایک سمپل منظوری کے لیے کمیٹی کو ارسال کیا تھا ،کمیٹی نے بعض خامیوں کی بنا پر وہ سمپل فیل کردیا تھا اب مذکورہ فرم نے کراچی سے ایک اور سمپل بھیجنا ہے ،کمیٹی کی منظوری کے بعد یونیفارم کی سلائی کا باقاعدہ آڈر دے دیا جائے گا۔