اسلام آ باد (نمائندہ جنگ) وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثنا ء اللہ زہری کے مستعفی ہونے سے پیدا ہونے والے بلوچستان کے سیا سی بحران پر اسلام آ باد میں بھی سر گر میاں دیکھنے میں آئیں۔وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے سابق وزیر اعظم نواز شریف سے پنجاب ہاؤس میں ملاقات کی‘ملاقات میں بلوچستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال اورنئے وزیر اعلیٰ بلوچستان کیلئے امیدوار کی نامزدگی اور دیگر جما عتوں سے رابطوں اور ان کے مطالبات پر بھی غور کیا گیا۔ملاقات میں بلو چستان کے حوالے سے مستقبل کی حکمت عملی طے کی گئی۔ طاہر القادری کی جانب سے احتجاج کی کال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم نے انہیں اپنے دورہ کو ئٹہ پر بریف کیا۔ ملاقات میں سینٹر پرویز رشید ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی سنیٹر آصف کرمانی اور وزیر اعظم کے سیکر ٹری فواد حسن فواد شریک تھے۔