اسلام آباد( نمائندہ جنگ) چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی نے کہا ہے کہ پاکستان فرانس کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہماری خواہش ہے کہ ان دوستانہ تعلقات کو تجارتی ، اقتصادی ، سیاسی ، ترقیاتی اور دفاعی شعبوں میں مزید وسعت دی جائے تاکہ دونوں ملک ایک دوسرے کے تجربات سے بھر پور فائدہ اٹھاتے ہوئے عوام کی بھلائی کیلئے کام کر سکیں۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی نے فرانس کے سفیر مارک بریٹی سے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کے دوران کیا۔ میاں رضاربانی نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی حجم کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے ذریعے باہمی تعاون کو مستحکم کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے مسائل کا حل ڈھونڈنے کی خاطر پارلیمانی سطح پر روابط کے استحکام پر بھی زور دیا اور کہا کہ پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے منفی تاثر کے خاتمے اور مستقبل کیلئے تعاون کی نئی راہیں ہموار کی جاسکتی ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا حوالہ دیتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کی افریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے اور عالمی امن کی خاطر 70 ہزار سے زائد جانوں کا نذرانہ پیش کیا جن میں بڑی تعداد میں سویلین، خواتین، مرد اور بچوں کے علاوہ سیکورٹی فورسز کے اہلکار شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی ہر طرح سے مذمت کرتا ہے اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی حکومت اور عوام کا عزم غیر متزلزل ہے۔ میاں رضاربانی نے فرانس اور پاکستان کے مابین عالمی فورمز پر تعاون کو سراہا اور اُمید ظاہر کی کہ دونوں ملک بہتر رابطہ کاری کے ذریعے دوطرفہ تعاون کو نئی بلندیوں پر لے جائیں گے۔