قصور( جنگ نیوز) قصور میں کمسن بچیوں کو زیادتی کے بعد قتل کئے جانے کے واقعات کافی عرصے سے جاری ہیں اور اب تک 12 معصوم بچیاں ہوس کا نشانہ بنائے جانے کے بعد قتل کی جا چکی ہیں۔کوئی ملزم گرفتار ہوانہ سزا ملی 2015 ءکااسکینڈل بھی پولیس کارکردگی پر سیاہ دھبہ ہے،بزرگ صوفی شاعر حضرت بابا بلھے شاہ کی دھرتی قصور جہاں کسی دور میں علم و نور کے چشمے پھوٹتے تھے گزشتہ کچھ عرصے سے اس شہر کا نام بچوں کے ساتھ زیادتی اور قتل کے واقعات کے باعث ملکی اور بین الاقوامی میڈیا میں آتا رہا ہے۔2015 میں سامنے آنے والا قصور اسکینڈل بھی پولیس کارکردگی پر سیاہ دھبہ ہے جس میں ملزمان لڑکوں اور بچیوں کے ساتھ زیادتی کی ویڈیوز بنا کر اہلخانہ کو بلیک میل کرتے۔ اس سیکس اسکینڈل کی گرد ابھی پوری طرح بیٹھی نہ تھی کہ شہر میں وقفے وقفے سے بچیوں کو اغوا کے بعد زیادتی کا نشانہ بنا کر قتل کئے جانے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔