• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ اسمبلی، سانحہ قصور کے  خلاف مذمتی قرارداد منظور، ملزم کو کیفرکردار تک پہنچانے کا مطالبہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بچوں کے تحفظ کے لیے قانون سازی کی جائے، علماء اور مذہبی رہنما اپنے خطبوں میں اس حوالے سے لوگوں کو آگاہ کریں،عدالتیں بغیر تاخیر کے ایسے واقعات کے فیصلے سنائیں،ان خیالات کا اظہار سندھ اسمبلی کے ارکان نے جمعرات کو قصور میں کمسن بچی زینب کو زیادتی کے بعد قتل کرنے کے واقعہ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا بعد ازاں ارکان نےواقعہ پر مذمتی قرار اتفاق رائے سے منظور کر لی،قرار داد میں مطالبہ کیا گیا کہ اس جرم میں ملوث شخص کو فوری طور پر گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے،قرار داد میں زینب کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ زینب کے ساتھ جو بھیانک واقعہ رونما ہوا ہے ، وہ ہمارے معاشرے کے لیے ایک سبق ہے،ہم سب کو اپنے بچوں کو ایسے درندوں سے بچانے کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں،یہ قرار داد سینئر وزیر نثار احمد کھوڑو ، مسلم لیگ (فنکشنل) کی نصرت سحر عباسی،تحریک انصاف کی ڈاکٹر سیما ضیاء ،پاکستان پیپلز پارٹی کی خیرالنساء مغل اور ایم کیو ایم کی ہیر اسماعیل سوہو نے پیش کی،قرار داد پر اظہار خیال کرتے ہوئے ارکان نے سخت غم و غصے کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسے درندہ صفت لوگوں کو نہ صرف سرے عام پھانسی دی جائے بلکہ ان کے ٹکڑے ٹکڑے کر دیئے جائیں،ارکان نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ بچوں کے تحفظ کے لیے ایسی قانون سازی کی جائے کہ پھر ایسے واقعات رونما نہ ہوں اور اس طرح کے جرائم کا ارتکاب کرنے والے ہزار بار سوچیں۔
تازہ ترین