• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ قصور کیخلاف جماعت اسلامی اور اسلامی جمعیت طلبہ کے مظاہرے

لاہور (نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے قصور میں قتل ہونے والی معصوم بچی کے ساتھ وحشیانہ سلوک اور ظالمانہ قتل پر شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نااہل ظالم حکمران سانحہ قصور کے اصل ذمہ دار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے لبرٹی چوک میں سانحہ قصور کے حوالے سے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ذکر اللہ مجاہد نے سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے شہریوں کے ساتھ ظالمانہ سلوک پر سخت نوٹس لیا جائے۔ جماعت اسلامی اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ریاستی نظام ، حکومتی انتظام ، سیاسی جمہوری سٹرکچر ، تعلیم و تہذیب اور معاشرتی اقدار کا زوال عیاں ہوگیاہے ۔ اکابرین ، پالیسی ساز اور حکمران پوری سنجیدگی سے فکر کریں ، مزید برآں امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے قصور کے دلخراش واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچی کے ساتھ سفاکی اور درندگی کے واقعے نے پوری قوم کو جھنجھوڑ ڈالا ہے۔ زینب کے قاتل کا سراغ لگا کر عبرتناک سزا دی جائے۔ صرف قصور میں ایک سال کے دوران بچوں کے اغوا، زیادتی اور قتل کے 12واقعات رونما ہو چکے ہیں۔ اگر پولیس روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ نہ کرتی اور سابقہ واقعات میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لے آتی تو معصوم زینب کے ساتھ ایسا واقعہ رونما نہ ہوتا۔ا سلا می جمعیت طلبہ کا لاہور بھر میں مرحومہ زینب کے قتل کے خلاف احتجاج جس میں طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد سے شرکت کی ۔ اس موقع پر مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس پر مرحومہ زینب کے قاتلوں اور حکو مت کے خلاف نعرے درج تھے ۔ اس موقع پر احتجاج کی قیادت کرتے ہوئے ناظم اسلامی جمعیت طلبہ لاہور جبران بٹ کا کہنا تھا کہ زینب کے درندہ صفت قاتلوں کو فوری گرفتار کرکے عوام کی عدالت میں پھانسی دی جائے۔
تازہ ترین