کوئٹہ (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے سینئر نائب صدر میر اسماعیل لہڑی نے قصور میں 8 سالہ زینب کے اغواء اور زیادتی کے بعد قتل کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اورپولیس فوری طورپر ملزمان کو گرفتار کرکے سر عام پھانسی دے ۔ مختلف وفود سے بات چیت میں میر اسماعیل لہڑی نے کہا کہ کمسن زینب بی بی کا اغواء اس کیساتھ زیادتی کرنے کے بعد قتل کرکے لاش سڑک کے کنارے پھینکنا انسانیت کی تذلیل کی ہے۔ پنجاب حکومت اور پولیس کی جانب سے اپنی ذمہ داری پوری نہ کرنے کی وجہ سے قاتل تاحال قانون کے شکنجے میں نہیں آسکا اور مکینوں اورشہریوں کی جانب سے ملزمان کی گرفتار کے لئے پرامن احتجاج کو سبوتاژ کرنے کے لئے پولیس کی فائرنگ سے 2 نہتے شہریوں کی ہلاکت بھی پولیس کی کارکردگی اور عوام کی خدمت کے حوالے سے ان کی ذمہ داری پر سوالیہ نشان بن چکی ہے عوام سانحہ ماڈل ٹاؤن کو نہیں بھول پائے تھے کہ نہتے شہریوں کے احتجاج پر پولیس کی فائرنگ سے دو شہریوں کی ہلاکت نے جلتی پر مزید تیل کا کام کیا ہے۔ انہوں نے گزشتہ شب کوئٹہ میں پولیس پر ہونے والے خودکش حملہ کی مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکاروں اور شہریوں کے اہلخانہ سے افسوس کا اظہار کیا ہے۔