• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ قصور کیخلاف جڑواں شہروں میں سیاسی،سماجی تنظیموںکے احتجاجی مظاہرے

راولپنڈی‘ اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے‘ خصوصی نامہ نگار) سانحہ قصور کیخلاف جمعرات کو مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کی طرف سے احتجاجی مظاہرے کئے گئے جن میں مطالبہ کیا گیا کہ قصور میں زینب قتل کیس کا انصاف مانگنے والوں پر گولیاں برسانے پر وزیراعلیٰ اور وزیر قانون پنجاب ذمہ داری قبول کرتے ہوئے فوری مستعفی ہو جائیں۔ مقررین نے اس امر پر شدید احتجاج کیا کہ پنجاب حکومت نے بندے مارنے کا لائسنس حاصل کر لیا ہے۔ اگر حکومت انصاف فراہم نہیں کریگی تو عوام کہاں جائیں‘ احتجاج کرنے پر سیدھی گولیاں برسائی جاتی ہیں۔ وزیراعلیٰ کو اپنے آپ کو معطل کرنا چاہئے۔ گلاس فیکٹری چوک میں ظہیر احمد اعوان چیئرمین سٹیزن ایکشن کمیٹی کی قیادت میں مظاہرہ کیا گیا جس میں حاجی محمد نصیر بھٹی‘ اصلاح الدین خان‘ راجہ ذیشان‘ مقبول احمد ڈار‘ خیرالرحمان‘ اکبر خان سمیت دیگر نے خطاب کیا۔ جماعت اسلامی یوتھ پی پی 8کے زیراہتمام لالہ رخ چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں امیر ضلع شمس الرحمان سواتی، محمد وقاص خان، ڈاکٹر محمد کمال، عابد محمود، مولانا محمد قاسم، مولانا اختر اعوان سمیت دیگر نے خطاب کیا۔ مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء نے پریس کلب راولپنڈی کے باہر اجتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاج کی قیادت چوہدری ذوالقرنین، وقار جٹ، شہازیب اور دیگر کر رہے تھے۔ آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن محکمہ تعلیم کالجز ونگ ضلع راولپنڈی و صدر اینٹی کرپشن فورس پاکستان ضلع راولپنڈی کے صدر ملک جمیل اعوان نے کہا کہ قانون اور انصاف کی بالادستی نہ ہونے کی وجہ سے معاشرے کے ناسور آزاد گھوم رہے ہیں۔ ایسے واقعات میں ملوث افراد کیلئے الگ سے قانون سازی کی جائے اور ان کیلئے قرار واقعی سزائیں تجویز کی جائیں۔ تحریک نوجوانان پاکستان کے اجلاس میں مہمان خصوصی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عرفان اور صدر ٹی جے پی شمالی پنجاب خان محمد خان تھے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آج جمعہ 3بجے دن گلاس فیکٹری چوک سے کمیٹی چوک تک ریلی نکالی جائیگی جس کی قیادت ڈاکٹر عرفان اشرف خان، محمد خان، سکندر خان اور چوہدری افتخار کرینگے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سول سوسائٹی، طلباء اور اساتذہ کا احتجاج جمعرات کو بھی جاری رہا۔ اردو یونیورسٹی اور قائداعظم یونیورسٹی کی طالبات کے احتجاجی مظاہرہ کی وجہ سے ٹریفک بند ہوگئی۔ سول سوسائٹی نے7 سالہ زینب سے زیادتی اور قتل کیخلاف نیشنل پریس کلب کے باہر شدید احتجاج کیا۔ ڈیلی ویجز اساتذہ نے بھی نیشنل پریس کلب کے باہر زینب سے زیادتی اور قتل کیخلاف مظاہرہ کیا۔ سول سوسائٹی اور مختلف مکاتب فکر کے لوگوں نے پریس کلب کے باہر موم بتیاں بھی روشن کیں۔پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے زیراہتمام قصور میں درندگی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کی جانے والی معصوم زینب کے قاتلوں کی گرفتاری ،پولیس گردی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا،مظاہرے میں عوامی تحریک،تحریک منہاج القرآن،منہاج القرآن ویمن لیگ،مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ،عوامی تحریک یوتھ ونگ کے کارکنان نے بڑی تعداد می شرکت کی،اس موقع پر منہاج القرآن ویمن لیگ کی خواتین نے شمعیں روشن کر کے معصوم زینب کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ابراررضاایڈووکیٹ،راجہ منیر اعجاز،غلام علی خان،عرفان طاہر،وسیم خٹک،دیا چوہدری،۔انیسہ قادری نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معصوم زینب کے قاتلوں کو جلد سے جلد گرفتار کر کے کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔
تازہ ترین